مصر: سیاحتی آب دوز ڈوبنے سے 6 سیاح ہلاک، 19 زخمی
مصر کے بحیرہ احمد کے ساحل پر واقع تفریحی مقام ہرغدا کے قریب ایک سیاحتی آب دوز ڈوبنے سے 6 سیاح ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصر کے سرکاری اخبار ’ اخبار الیوم’ کی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ جمعرات کو پیش آیا جب ایک سیاحتی آب دوز ساحلی تفریحی مقام ہرغدا کے قریب ڈوب گئی، ہلاک ہونے والے تمام افراد غیرملکی تھے۔
اخبار کے مطابق حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور زخمیوں اور نعشوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہرغدا، مصری دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 460 کلومیٹر جنوب مشرق میں ایک معروف سیاحتی شہرہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔
مصر کے مشرقی ساحل سے دور بحیرہ احمر کی مرجانی چٹانیں اور جزیرے ایک بڑا کشش مرکز ہیں، یہ ساحلی مقام سیاحتی صنعت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مصر کی سیاحت صنعت 20 لاکھ افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے اور جی ڈی پی کا 10 فیصد سے زیادہ اس شعبے سے حاصل ہوتا ہے۔
اس ساحلی علاقے روزانہ درجنوں سیاحتی کشتیاں اسنارکلنگ اور ڈائیونگ کی سرگرمیوں کے لیے گزرتی ہیں، تاہم سندباد سب میرینز، جو اخبار ’ اخبار الیوم ’ کے مطابق جہاز کی مالک کمپنی ہے، کا کہنا ہے کہ کمپنی کے پاس’ واحد حقیقی’ تفریحی آبدوز ہیں۔