کراچی: شاہراہ فیصل پر میاں بیوی کو روندنے والے ڈرائیور کا جسمانی ریمانڈ، کار کے مالک کو بھی گرفتار کرنے کا حکم
کراچی کی ماتحت عدالت نے شارع فیصل پر گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی کی ہلاکت کے کیس میں گرفتار ملزم انیق کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزم انيق کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے کار کی ٹکر سے دو لوگ قتل کیے ہیں۔
عدالت نے ملزم سے سوال کیا کہ آپ کی عمر کیا ہے، ملزم نے بتایا کہ اس کی عمر 16 سال ہے، جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کی عمر سترہ سال ہے، عدالت نے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ گرفتار ملزم کی عمر کا تعین کرنے اور گاڑی کے مالک کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل شاہراہ فیصل پر گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ محمد ایاز اور ان کی اہلیہ 29 سالہ اقصیٰ کورنگی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، جاں بحق میاں بیوی ملازمت سے واپس آرہے تھے، خاتون نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھی، جبکہ محمد ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔
پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور انیق کو گرفتار کرلیا تھا جس کے خلاف گزشتہ روز متوفیہ اقصیٰ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور نے فون پر حادثے کی اطلاع دی کہ بیٹی اور داماد حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، دونوں شارع فیصل پر اپنی موٹر سائیکل سائڈ پر کھڑی کرکے افطار کررہے تھے کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں پیچھے سے ٹکر ماری، گاڑی کے ڈرائیور انیق کیخلاف کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔