اداکار ساجد حسن کے منیجر کے خلاف ویڈ کی خریداری کا ثبوت مل گیا
کراچی میں ساحر حسن منشیات کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ملزم کے والد اداکار ساجد حسن کے منیجر مکرم کے خلاف منشیات (ویڈ) کا خریداری کا ثبوت سامنے آگیا، مکرم کی جانب سے منشیات فروش بازل کودی گئی ڈیپازٹ سلپ سامنے آگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ساحر حسن کے لیے ویڈ خریدنے کے لیے اس کے والد ساجد حسن کا مینجر منشیات فروش کو رقم دیتا تھا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ساحر حسن سے ملنے والی ڈپازٹ سلپ ڈھائی سال پرانی ہے، ملزم 3 سال سے منشیات (ویڈ) کا کاروبار کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش بازل کا تعلق ایک اہم کاروباری گھرانے سے ہے، جو ملزم ساحر حسن کو ادھار پر ویڈ سپلائی کرتا تھا جبکہ بازل یحییٰ نامی منشیات ڈیلر کا مال کراچی میں سپلائی کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ویڈ کے استعمال اور خرید و فروخت میں بااثرعناصرملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ویڈ کی خرید وفروخت میں ملوث اہم کرداروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بین الاقوامی منشیات کا ڈیلربازل بیرون ملک فرار ہوچکا ہے جبکہ گروہ کے دیگر کارندے بھی گرفتاری کے خوف سے زیر زمین چلے گئے ہیں۔