عالمی بینک نے پنجاب کلین ایئر پروگرام کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
عالمی بینک نے پنجاب کلین ایئر پروگرام کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گروپ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ روز پنجاب کلین ایئر پروگرام (پی سی اے پی) کے لیے 30 کروڑ امریکی ڈالر قرض کی منظوری دے دی، اس منصوبے سے ہوا کے معیار کے انتظام کو مضبوط اور فضائی آلودگی کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پی سی اے پی اسموگ اور فضائی آلودگی کے اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب کے اسموگ مٹیگیشن ایکشن پلان (ایس ایم اے پی) کی حمایت کرے گا اور صوبے بھر میں ہوا کے معیار اور صحت عامہ کو بہتر بنانے کے لیے کئی جامع اقدامات شروع کیے جائیں گے، جن میں ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، توانائی اور میونسپل سروسز جیسے شعبے قابل ذکر ہیں۔
عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام صوبے کے اسموگ مٹیگیشن ایکشن پلان کی حمایت کرتا ہے اور ہوا کے معیار کو نمایاں طور پر بہتر بنانے اور لاکھوں باشندوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو بڑھانے کے لیے ایک تاریخی اقدام ہے۔
عالمی بینک کے مطابق پنجاب کلین ایئر پروگرام نئے ورلڈ بینک کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد اگلی دہائی کے دوران آلودہ زراعت کی سطح کو 35 فیصد تک کم کرنا ہے، جس سے لاہور ڈویژن کے ایک کروڑ 30 لاکھ رہائشیوں کے لیے سانس کی بیماریوں اور دیگر آلودگی سے متعلق صحت کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
اسی طرح پروگرام ایئر کوالٹی مینجمنٹ (اے کیو ایم) کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ریگولیٹری اور ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے، سیکٹرل کمی کے اقدامات اور عوامی بیداری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
پروجیکٹ کے ٹیم لیڈر شیام سری نواسن نے بتایا کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام کاشتکاروں کو فصلوں کے بہتر انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی کو بہتر بنانے، ای بس اور ڈپو کے شعبوں میں ملازمت کے مواقع پیدا کرے گا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ یہ تربیت اور صلاحیت سازی کے ذریعے سرکاری اہلکاروں کی مہارت اور علم میں اضافہ کرے گا، بالآخر ایک صحت مند اور زیادہ پائیدار ماحول میں حصہ ڈالے گا۔