عثمان خان نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر
پاکستان کے اوپننگ بیٹر عثمان خان نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عثمان خان ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے دوسرے ون ڈے سے باہر ہوئے ہیں۔
ترجمان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 29 سالہ اوپننگ بیٹر کو نیپیئر میں پہلے ون ڈے میں فیلڈنگ کے دوران انجری ہوئی تھی جب کہ ایم آر آئی اسکین کے بعد ان کی انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 2 اپریل کو سیڈن پارک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جس کے لیے عثمان خان دستیاب نہیں ہوں گے۔
ممکنہ طور پر ان کی جگہ امام الحق کو بطور اوپنر کھلایا جائے گا جو عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
عثمان خان ایک روزہ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے تاہم ٹی 20 سیریز کے اختتام پر پاکستان ٹیم منیجمنٹ نے فاسٹ بولر حارث رؤف اور عثمان خان کو نیوزی لینڈ میں ہی رکنے کی ہدایت کرتے ہوئے قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا تھا۔
اس سے قبل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 میچز کی ٹی20 سیریز میں 1-4 سے شکست دی تھی۔