• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

ملک بھر میں عیدالفطر پر مذہبی جوش و خروش، نماز کے اجتماعات، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

شائع March 31, 2025
وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا
—فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا —فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، اسلام آباد، لاہور پشاور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، ان اجتماعات میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کے اجتماعات میں میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جہاں سیاسی شخصیات اور شہریوں نے نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نماز عید لاہور میں ادا کی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید بینظیر آباد (سابق نواب شاہ) جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نماز عید لاڑکانہ میں ادا کی۔

صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے جاتی امرا میں اہل خانہ اور کارکنان کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

انہوں نے مرحوم کلثوم نواز کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

کراچی میں گرومندر سبیل کی مسجد میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع ہوا، اس کے علاوہ پولو گراؤنڈ، طوبیٰ مسجد (المعروف گول مسجد) ڈیفنس میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔

لاہور کے باغ جناح اور مینار پاکستان میں بھی عید کے نماز کے اجتماعات ہوئے، لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، نماز عید میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، جس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔

پشاور میں عید الفطر کی نماز مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی۔

نماز عید کے اجتماع میں ملکی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نمازیوں سے عید ملے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ اللّٰہ امت مسلمہ کو اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی توفیق عطا فرمائے، عید ہمیں محبت، احساس، رواداری کے اصولوں کو اپنانے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید پر ضرورت مندوں اور کمزور طبقات کو یاد رکھنا چاہیے۔

ملک بھر میں نماز عید الفطر کے روح پرور اجتماعات

شہدائے وطن کو عیدالفطر پر یاد رکھیں، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہدائے وطن کو عید الفطر پر یاد رکھیں اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے عیدالفطر پر اپنے پغام میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپ کی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، جب کہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

رمضان میں عوام کی خدمت پر مامور رہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوی نے گورنر ہاؤس میں عید الفطر کی نماز ادا کی، نماز کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گورنر ہاؤس میں اس ماہ مبارک کے دوران 10 لاکھ لوگوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ عالم اسلام، اہل وطن اور اوورسیز پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ نے پورے رمضان ہمیں عوام کی خدمت پر مامور رکھا۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں روزایک پلاٹ، عمرےکا ٹکٹ اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے، ان کا کہنا تھا کہ مجھےخالدمقبول صدیقی سمیت پوری پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اللہ نے اس منصب پر رکھا ہے، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا میں نے اور میری فیملی نے عید پر کپڑے نہیں لیے، میں نے کہا تھا عید سادگی سے منائی جائے، کراچی میں 100 سے زائد افراد ڈمپر تلے کچلے گئے، ایسا دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتا، ڈمپر حادثات پر چیف جسٹس پاکستان اور صدر مملکت کو خط بھی لکھا تھا۔

مسلح افواج کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور سروسز چیفس نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی عید کی اصل خوشی قوم کے دفاع کی ذمہ داری سنبھالنےمیں ہے۔

ترجمان پاک فوج کے بیان کے مطابق مادر وطن کے دفاع پر تعینات اہلکار امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج اپنے سپاہیوں کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کے غیرمتزلزل تعاون کی قدر کرتی ہے۔

امریکی قونصل جنرل کی پاکستانیوں کو مبارکباد

کراچی میں امریکی قونصل جنرل اور سفارتی عملے ارکان نے تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی، اپنے وڈیو پیغام میں امریکی قونصل جنرل نے تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی، اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یوم عید پر ہر فرد کی خوشی کیلئے دعا گو ہوں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطرکے موقع پر اہل پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی سے یوم عید پر ہر فرد کی خوشی کے لیے دعا گو ہوں، دلی دعا ہے کہ ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے۔

مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر ہر مسلمان کے لیے یوم تشکر اور اللہ تعالی کا انعام ہے، ہو سکتاہے کہ آپ کے احساس اور ایثار سے کسی چہرے پر مسکراہٹ آجائے، عید تو تب ہی عید کہلائے گی جب سب باہم خوشیوں میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر احساس اور ایثارکا نام ہے، عید الفطر پر یتامیٰ اور مساکین کا احساس اور دلجوئی کرنا سنت نبویؐ ہے، عید کے موقع پر یتیم بچے کے ساتھ نبی کریمؐ کا شفقت بھرا سلوک احساس کی ابدی مثال ہے، عید الفطر کے موقع پر نادار لوگوں کی ضرورتوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن اور مقبول عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیاں چھوٹے ملازمین کو شریک کرنے سے دوبالا ہو جاتی ہیں، یوم عید پر وطن عزیز کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، عید الفطر کے روز شہداء کے خاندانوں کو بھی یاد رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عید صرف اپنے لئے خوشی منانے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کرنے والے زیادہ سکون اورخوشیاں پاتے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں جتنی نعمتو ں سے نوازا ہے اسی کے مطابق دوسروں کی مدد کیجئے، گلی محلے میں ان لوگو ں کا خیال خود کیجئے جن کا دسترخوان عید کے روز بھی خالی ہے۔

محافظوں کی وجہ سے عید اطمینان سے منارہے ہیں، سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عیدالفطر خوشیوں، یکجہتی اور باہمی محبت بانٹنے کا دن ہے، عوامی خدمت اور ترقی کا عزم لیے آگے بڑھ رہے ہیں، بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ عید کی نماز کوئٹہ میں ادا کی۔

نماز عید کے بعد وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سرکاری حکام اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے افسران و اسٹاف سے عید ملے اور مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر وطن عزیز اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے غازی آج عید کے دن بھی پاکستان کے دور دراز علاقوں میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، ان محافظوں کی قربانیوں کی بدولت قوم عید کی خوشیاں اطمینان سے منا رہی ہے۔

اللہ اسرائیل کو نیست و نابود کرے، ارسلان شیخ

میئر سکھر اور ترجمان سندھ حکومت ارسلان شیخ نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں مظالم کرنے والے اسرائیل کو اللہ نیست ونابود کرے۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عیدالفطر پر پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور مسلم امہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ اس دن کی مناسبت سے ہمارے بزرگوں ،بچوں والدین اور عزیزو اقارب کو اپنے حفظ و ایمان میں رکھے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی تمام جائز خواہشات پوری کرے اور مشکلات کو دور فرمائے۔

فلسطین میں جو مظالم ہورہے ہیں، وہاں ظلم ڈھانے والے اسرائیل کو اللہ پاک نیست ونابود کرے۔

مسلمان دنیا بھر میں عیدالفطر پر خوشیاں بانٹنے میں مصروف

عیدالفطر محبت، اخوت اور باہمی اتفاق کا دن ہے، دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیز آج خوشیاں بانٹنے اور سمیٹنے میں مصروف ہیں، تاہم امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں عید کے معاملے پر اس سال بھی مسلم کمیونٹیز منقسم نظر آئیں۔

ان ممالک میں کچھ مسلمان کمیونٹیز آج عید منارہی ہیں، جب کہ کچھ مسلمانوں کی جانب سے گزشتہ روز عید منائی گئی تھی۔

روس میں بھی عید کے پرمسرت دن کے موقع پر گہما گہمی نظر آرہی ہے، روسی صدر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔

ولادی میر پیوٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن مہربانی اور ہمدردی کا دن ہے، انہوں نے تعلیم اورخیراتی اداروں کے لیے تعاون پر مسلمانوں کی قابل قدر شراکت داری کو بھی سراہا۔

انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، جکارتہ کی جامع مسجد میں مرد و خواتین سمیت ایک لاکھ سے زائد افراد نے عید کی نماز ادا کی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں نمازعید کا بڑا اجتماع ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی، ممبئی اور بھوپال میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائی مانگی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 اپریل 2025
کارٹون : 4 اپریل 2025