• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 4:38pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:44pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 4:38pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:44pm

بحیرہ روم میں دو کشتیاں الٹنے سے 16 تارکین وطن ہلاک

شائع April 3, 2025
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

بحیرہ روم میں یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب اور ترکیہ کے ساحل کے نزدیک کشتیاں الٹنے سے مجموعی طور پر 16 تارکین وطن ہلاک ہوگئے جبکہ 23 تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا گیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب مہاجرین کی ایک کشتی الٹنے سے دو بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 23 دیگر کو بچالیا گیا۔

یونانی کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق بحیرہ ایجیئن میں ابتدائی طور پر چار لاشیں ملی تھیں لیکن پھر گشتی کشتیوں کے ذریعے تلاش کے بعد تین دیگر لاشیں بھی ملی ہیں۔

کشتی میں تقریباً 30 افراد سوار تھے جو آج ( جمعرات ) کو ترکیہ کے ساحل سے کچھ فاصلے پر الٹ گئی۔

ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ معتدل موسم کے باوجود کشتی میں پانی بھر گیا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈوب گئی، ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مرنے والوں میں چار خواتین، ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں، جبکہ کسی دوسرے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔

یونان کے مشرقی بحیرہ روم میں یورپ کے انتہائی جنوب مشرق میں واقع ہونے کی وجہ سے اس کے جزائر کو ایشیا اور مشرق وسطیٰ سے مغربی یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی مہاجرین کے لیے ایک عام راہ گزر بنادیا ہے۔

دریں اثنا ترکیہ کے حکام نے بتایا کہ ترکیہ کے مغربی ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے سے 9 تارکین وطن ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 25 کو بچا لیا گیا۔

مقامی گورنر کے دفتر اور کوسٹ گارڈز کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح آیواجک ضلع کے ساحل کے قریب پیش آیا۔

گورنر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کوششوں کے نتیجے میں 9 لاشیں ملی ہیں اور 25 مہاجرین کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک لاپتا شخص کی تلاش جاری ہے۔

ہلاک شدگان کی قومیتیں فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

خطرناک سفر کے دوران اموات معمول کی بات ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ سال تقریباً 2500 افراد کی موت کی رپورٹس موصول ہوئیں۔

گزشتہ ماہ یونانی بحریہ کی پولیس نے بتایا تھا کہ ترکیہ سے گزرنے کی کوشش کے دوران ایک انسانی اسمگلر 19 تارکین وطن کو چھوڑ کر بھاگ گیا جن میں سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جب کہ 18 دیگر کو بچا لیا گیا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق، سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 9000 افراد یونان میں داخل ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر سمندر کے راستے آئے ہیں۔ ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں 54000 سے زائد افراد یونان میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

یونان کی قدامت پسند حکومت نے تارکین وطن کے حوالے سے اپنے موقف کو سخت کر دیا ہے۔

بدھ کے روز پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کریاکوس میتسوتاکیس نے کہا کہ ’ اگر آپ غیر قانونی طور پر یونان میں داخل ہونا چاہتے ہیں اور پناہ کے حقدار نہیں ہیں، تو ہم آپ کو جہاں سے آئے ہیں وہاں واپس بھیجنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔’

انہوں نے کہا کہ ’ اسمگلر اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والی این جی اوز یہ طے نہیں کریں گی کہ ہمارے ملک میں کس کو آنا ہے۔’

کارٹون

کارٹون : 9 اپریل 2025
کارٹون : 8 اپریل 2025