کراچی میں ٹریلر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا
کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل ڈالا۔
پولیس اور ریسکیو سروسز کے حکام کے مطابق یہ اندوہناک حادثہ جمعرات کی شام پورٹ قاسم کے قریب پیش آیا جہاں لاپروا ڈرائیور نے ایک نوجوان کی جان لے لی۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے ایس ایچ او محمد امین کھوسو نے ڈان کو بتایا کہ 25 سالہ محرم علی موٹر سائیکل چلا رہا تھا جب ٹریلر نے پورٹ قاسم چورنگی پر اسے ٹکر ماری اور کچل دیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ اس شخص کو شدید چوٹیں آئیں اور اسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مُردہ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ اس شخص کے سر اور اوپری دھڑ بری طرح کچلا ہوا تھا۔
محمد امین کھوسو نے بتایا کہ ٹریلر کے ڈرائیور رستم علی کو گرفتار کرکے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
کراچی آفت زدہ علاقہ بن چکا ، ہیوی ٹریفک کے حادثات میں 262 افراد جاں بحق ہوچکے، آفاق احمد
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی آفت زدہ علاقہ بن چکا ہے، 12 ہزار واٹر ٹینکر اس شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا کہ ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں جنوری سے اب تک262 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، کراچی اس وقت آفت زدہ علاقہ بن چکا ہے۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سرپرستی میں 30 سال سے کراچی میں پانی بیچا جارہا ہے، اور 12 ہزار واٹر ٹینکر شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، ہائیڈرنٹس مافیا کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی حالت یہ ہے کہ والد کو ڈاکو مارہے ہیں اور بچہ پتھر مارکر اسےبچانے کی کوشش کررہا ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت بدعنوان حکومت ثابت ہوئی ہے، کراچی کی مجرم پیپلز پارٹی ہے جو وسائل کو صحیح استعمال نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر پولیس کا کام ختم کردیا گیا ہے، پنجاب میں ای چالان کے ذریعے شہریوں کو قانون کےدائرے میں لایا جارہا ہے۔