میں نے شادی نہیں کی، انمول بلوچ کی ندا یاسر کے دعوے کے بعد وضاحت
ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل انمول بلوچ نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تاحال شادی نہیں کی اور یہ کہ ان کے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی خبریں درست نہیں۔
انمول بلوچ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ آن لائن پھیلنے والی تمام معلومات پر یقین نہ کریں۔
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر اور کسی کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ ان کی شادی نہیں ہوئی، ان کے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ جب بھی شادی کریں گی تو انڈسٹری کے تمام افراد کو خود آگاہ کریں گی جب کہ وہ مداحوں کو بھی پہلے بتائیں گی لیکن ابھی ان کی شادی سے متعلق پھیلنے والی خبریں جھوٹی ہیں۔
انمول بلوچ نے مداحوں سے اپنی شادی سے متعلق دستیاب آن لائن معلومات پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی اور ساتھ ہی ان کی محبت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انمول بلوچ کی جانب سے شادی کرنے کی خبروں پر وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ کچھ دن قبل عید الفطر کے موقع پر ندا یاسر نے اپنے عید شو میں دعویٰ کیا تھا کہ انمول بلوچ بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں شادی کی۔
ندا یاسر نے انمول بلوچ کے شادی شدہ ہونے کا دعویٰ اس وقت کیا تھا جب کہ ان کےعید شو میں گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارا خان نے شادی کے بندھن میں بندھنے والی شوبز کی شخصیات کو مبارک باد پیش کی تھی۔
فلک شبیر اور سارا خان نے ماورا حسین، کبریٰ خان اور گوہر رشید سمیت دیگر شوبز جوڑیوں کا نام لے کر انہیں مبارک باد پیش کی، اس دوران ندا یاسر نے انمول بلوچ کا نام بھی لیا۔
ندا یاسر کے دعوے کے بعد انمول بلوچ کی خاموشی سے شادی کرنے کی خبریں پھیلیں تو انہوں نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ تاحال ان کی شادی نہیں ہوئی۔
اس سے قبل یہ خبریں بھی تھیں کہ انمول بلوچ بھی رواں برس کسی کاروباری شخص سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، تاہم اداکارہ نے ایسی خبروں پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔