بجلی کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں مزید کمی ہوگی، نواز شریف
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے مہنگائی اور کم ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد نواز شریف کی جانب سے بیان میں وفاقی حکومت کے اس اقدام پر عوام کو مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ الحمد للہ ملکی معیشت میں بہتری سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے، حکومت غریبوں اور مڈل کلاس کی زندگی میں آسانی لانے کی کوشش کررہی ہے، حکومت کی مسلسل کوششوں سے مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہوگا،
دوسری جانب، مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو پارٹی کا صوبائی سطح پر اجلاس بلا کر عوام کے ریلیف کے حکومتی اقدامات کی تحسین کرنے کی ہدایت کر دی۔
گزشتہ روز نواز شریف کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عوام کو معاشی ریلیف ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہی ملتا ہے۔
انہوں نے بجلی کے نرخ میں کمی پر حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی حکومت کی بہترین پالیسیوں کا ثبوت ہے، بجلی سستی ہونے سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ ایکسپورٹ بھی بڑھے گی۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کی کاوشوں سے ملک درست سمت پر گامزن ہوچکا ہے، ملک میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں اور اب نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا۔
اسی طرح، شہباز شریف نے صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔