• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:52pm
  • LHR: Asr 4:38pm Maghrib 6:27pm
  • ISB: Asr 4:44pm Maghrib 6:34pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:52pm
  • LHR: Asr 4:38pm Maghrib 6:27pm
  • ISB: Asr 4:44pm Maghrib 6:34pm

کراچی: کامران ٹیسوری نے ڈمپر تلے کچلے افراد کے ورثا گورنر ہاؤس بلوالیے، پلاٹ دینے کا اعلان

شائع April 5, 2025
— فوٹو: اسکرین شارٹ
— فوٹو: اسکرین شارٹ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر تلے کچلے گئے افراد کے ورثا کو 12 اپریل کو گورنر ہاؤس بلو الیا اور انہیں پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں نذر عباس کے گھر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو معذور باپ ہے، اب یہ ان تین بچیوں کے تعلیم، اخراجات کا کیسے گزر بسر کرے گا، یہ یوسف گوٹھ کا مکین نذر عباس ڈمپر تلے اپنی اہلیہ کو گنوا بیٹھا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ ان تین معصوم بچیوں کا کیسے گزار کرے گا؟ اس کا اپنا گھر بھی نہیں ہے، یہ اپنے بھائی کے گھر کے چھوٹے سے کمرے میں تین بچیوں کے ساتھ رہتا ہے، میں یہاں آیا اور نذر عباس کو 80 گز کا پلاٹ اسمارٹ سٹی سے لے کر دیا ہے۔

گورنر سندھ نے تین بچیوں کی اگلے 12 سال تک تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ انگلش میڈیم اسکول میں تعلیم دلوائی جائے گی جہاں سوئمنگ پول بھی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یوسف گوٹھ نے 1985 سے آج تک ایم کیو ایم پاکستان کو ووٹ دیا ہے، کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ غیرت مند لوگ بجلی، گیس، روڈ اور راستوں سے محروم ہیں، نکاسی آب کا نظام نہیں ہے، جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو ان کے پاس زیادہ پانی آجاتا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ ظلم سہنے کے بعد بھی آج تک انہوں نے اپنی وفاداری تبدیل نہیں کی، میں نے نذر عباس کو کہا کہ 23 جنوری کو یہ حادثہ ہوا، اور جب جب یہ سچل تھانے جاتے ہیں، تو انہیں دھتکار دیا جاتا ہے، انہیں بھگا دیا جاتا ہے، انہیں طعنے دیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شہر اور صوبے میں ہر مظلوم کا بھائی گورنر ہے، ان کو بھی کہا ہے کہ اب جب تھانے جائے تو بتائے کہ میں گورنر کا بھائی ہوں، پھر دیکھتا ہوں کہ ان کو کیسے دھتکارا جاتا ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ لاوارث شہر نہیں ہے، ہمارے پاس اس شہر میں اقتدار نہیں ہے، اس کے باوجود ایک بھائی دوسرے بھائی کے گھر پر چل کر آیا ہے، تین مہینے سے کوئی بھی شخص جو اقتدار میں ہے، ان کے پاس چل کر نہیں آیا۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو دوپہر 2 بجے اس شہر میں جتنے لوگ ڈمپر یا ٹینکر تلے کچلے گئے ہیں، ان کے لواحقین گورنر ہاؤس آجائیں، میرے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائیں، ان کے تمام کوائف لکھے جائیں گے، سب کو ایک، ایک پلاٹ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 اپریل کو ان کے ساتھ بیٹھ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے، ہم ایسا کچھ نہیں کہیں گے کہ اپنے ہاتھ میں قانون لے لو، اپنے ہاتھ میں اسلحہ لے لو، میں کلاشنکوف نہیں قلم دینے آیا ہوں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک بھائی دوسرے پر ظلم کرکے اس کا عداوا بھی نہ کرے، جھوٹے وعدے نہیں کریں گے بلکہ عملی طور پر اس شہر کے مخیر حضرات سے بات کرکے ان کے لیے وسائل پیدا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں 3 مہینے بعد آیا ہوں تو پلاٹ کی فائل لایا ہوں، ان بچیوں کے ایڈمیشن لے کر آیا ہوں، اسی طرح مہینے کے جو پیسے یہ کماتے تھے، اتنے پیسے ان کو ہر مہینے ملیں گے، اسی طرح ان بچیوں کو ہر مہینے 5، 5 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس شہر کی سیاست ایسے لوگوں کو نہیں دیں گے، جنہوں نے پہلے بھائیوں کو بھائیوں سے لڑوایا، ہزاروں لوگوں کو شہید کروایا اور اب پھر نئے فنکار اور ڈراموں کے ساتھ مہاجر کارڈ کھیل رہے ہیں، میں نے 77 سال میں پہلی بار گورنر ہاؤس میں مہاجر کلچر ڈے منایا۔

کارٹون

کارٹون : 9 اپریل 2025
کارٹون : 8 اپریل 2025