شادی کے سوالات سے تنگ آ چکا، سماجی دباؤ پر شادی نہیں کروں گا، عثمان خالد بٹ
مقبول اداکار عثمان خالد بٹ نے کہا ہے کہ وہ شادی سے متعلق پوچھے جانے والے سوالات سے تنگ آ چکے ہیں اور یہ کہ وہ سماجی دباؤ کے تحت شادی نہیں کریں گے۔
عثمان خالد بٹ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے عثمان خالد بٹ نے دعویٰ کیا کہ شوبز انڈسٹری میں مرد اداکاروں کے مقابلے خواتین اداکاروں کو زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کبھی نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک کا سامنا نہیں کیا جب کہ صنفی بنیاد پر خواتین کو مردوں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں رنگت پر تفریق پائی جاتی ہے اور شوبز انڈسٹری کے خوبصورتی سے متعلق اپنی ہی فرسودہ روایات ہیں۔
شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے ہر بار اور سوشل میڈیا پر بھی بہت سوالات کیے جاتے ہیں، جس سے اب وہ تنگ آ چکے ہیں۔
عثمان خالد بٹ کا کہنا تھا کہ وہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ تو نہیں کر چکے لیکن وہ جلد شادی کے ارادے سے رشتہ وغیرہ نہیں دیکھ رہے۔
ان کے مطابق انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر ان کی شادی سے متعلق بہت پوچھا جاتا ہے اور وہ کبھی بھی سماجی دباؤ میں آکر شادی نہیں کریں گے۔
اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شوبز میں ان کے ساتھ کام کرنے والی زیادہ تر مرکزی اداکارائیں بھی تاحال غیر شادی شدہ ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔
عثمان خالد بٹ نے یہ شکوہ بھی کیا کہ ان سے ہر کوئی شادی سے متعلق سوال کرتا ہے لیکن کبھی کوئی ان کے پاس رشتہ لے کر نہیں آتا۔
ان کے مطابق ان کی ایک ہی سچی اور مخلص دوست مریم نفیس ان کی شادی کے لیے پریشان نظر آتی ہیں، اداکارہ نے متعدد بار انہیں کہا کہ فلاں لڑکی سے شادی کرلو لیکن پھر چند دن بعد فون کرکے کہا کہ اس لڑکی سے شادی نہیں کرنا، وہ ذہنی مریضہ ہے۔
اداکار کا کہنا تھاکہ وہ ایسی خاتون سے شادی کریں گے جو کہ خاندانی روایات کو سمجھتی ہو اور روایات کو آگے بڑھائے۔
ان کے مطابق جس خاتون کا سینس آف ہیومر اچھا ہوگا، وہ اسی سے شادی کریں گے لیکن انہیں شادی کی جلدی نہیں اور یہ کہ وہ سماجی دباؤ میں آکر شادی نہیں کریں گے۔