• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:07pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:46pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:54pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:07pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:46pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:54pm

قمبر شہداد کوٹ : پولیس اہلکار نے شادی سے انکار پر مبینہ طور پر منگیتر کو قتل کردیا

شائع April 8, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

قمبر شہداد کوٹ میں پولیس افسر نے مبینہ طور پر اپنی منگیتر کو شادی سے انکار پر قتل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) قمبر شہداد کوٹ ساجد سدوزئی کے مطابق مقتولہ صدف ہسلو ، جو اسکول ٹیچر تھی، کو مبینہ طور پر پولیس اہلکار فرید ہسلو نے قتل کیا ہے۔

انہوں نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ مقتولہ اور ملزم ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ صدف کچھ عرصے سے ملزم سے منسوب تھی لیکن اب اس سے شادی کرنے سے ہچکچا رہی تھی۔

ایس ایس پی سدوزئی نے کہا،’ وہ ضلع لاڑکانہ کی رہائشی تھی اور قمبر شہر کے ایک گاؤں میں پرائمری اسکول ٹیچر کے طور پر پڑھاتی تھی،’ انہوں نے مزید کہا کہ جب مقتولہ ایک وین میں گھر جا رہی تھی تو حملہ آور نے اسے نشانہ بنایا، جو حملے کے بعد فرار ہو گیا۔

ایس ایس او سدوزئی نے مزید کہا کہ صدف ہسلو کے بالائی جسم پر چار گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ایک راہگیر بھی ملزم کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا جو ایک سیاسی جماعت کا مقامی رہنما تھا، زخمی کی شناخت محبوب راہوجو کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتولہ کے خاندان نے تدفین کی کارروائی مکمل کر لی ہے، جس کے بعد اب فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے اپنا سیل فون بند کر دیا ہے، لیکن پولیس اسے گرفتار کرنے کے لیے اس کے ٹھکانے کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات عام ہیں۔ دسمبر 2023 میں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک مطالعہ میں رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان میں گھریلو تشدد ایک خاموش وبا کے طور پر ابھر رہا ہے، جو معاشرے اور ریاست کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک حاملہ خاتون کو گھریلو تنازع پر اس کے شوہر نے قتل کر دیا تھا۔

مارچ میں، خلع کی خواہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے ملیر عدالت کے احاطے کے باہر قتل کر دیا۔ ایک علیحدہ واقعے میں، ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے سابق شوہر نے نرسری کے علاقے کے ایک مقامی ہوٹل کے اندر چھرا گھونپ کر قتل کر دیا۔

پائیدار سماجی ترقی کی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ ’میپنگ جینڈر بیسڈ وائلنس (جی بی وی) 2024‘ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے لیے سزا کی شرح انتہائی کم تھی۔

گذشتہ سال پنجاب میں گھریلو تشدد کے 1167 مقدمات سامنے آئے، جن میں صرف تین سزائیں ہوئیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں گھریلو تشدد کے 446 مقدمات تھے، لیکن کوئی سزا ریکارڈ نہیں کی گئی۔

سندھ میں گھریلو تشدد کے 375 مقدمات درج ہوئے، لیکن کسی ملزم کو سزا نہیں ہوئی، اسی طرح بلوچستان میں گھریلو تشدد کے 160 مقدمات میں سے 25 میں سزائیں ہوئیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 مئی 2025
کارٹون : 4 مئی 2025