• KHI: Fajr 4:34am Sunrise 5:56am
  • LHR: Fajr 3:48am Sunrise 5:17am
  • ISB: Fajr 3:46am Sunrise 5:18am
  • KHI: Fajr 4:34am Sunrise 5:56am
  • LHR: Fajr 3:48am Sunrise 5:17am
  • ISB: Fajr 3:46am Sunrise 5:18am

ریاست مخالف پروپیگنڈا: پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ

شائع April 9, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے ریاست مخالف پروپیگنڈے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پیشی کے متعدد نوٹس بھیجے تھے تاہم وہ پیش نہ ہوئے، تمام رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر نوٹسسز کی تعمیل کروائی گئی۔

جن رہنماؤں کے وارنٹ جاری ہوں گے ان میں وقاص اکرم، حماد اظہر، زلفی بخاری، عون عباس، میاں اسلم، فردوس شمیم نقوی، تیمور سلیم، جبران الیاس کے نام شامل ہیں جب کہ خالد خورشید، شہباز گل، اظہر مشوانی اور دیگر کے بھی وارنٹ جاری ہوں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تحقیقات کے لئے آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی، جے آئی ٹی پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔

سرکاری ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا تھا کہ جے آئی ٹی کے پاس اس معاملے میں ان افراد کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

اس سے قبل، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز اور عمران خان کی بہن علیمہ خان سمیت دیگر رہنما جے آئی ٹی میں پیش ہوچکے ہیں۔

تحریک انصاف کے طلب کردہ افراد سے سوشل میڈیا ہینڈلر سے متعلق سوالات کیے گئے، پاک فوج اور ریاستی اداروں سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس پر سخت سوالات کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماوں کو سوشل میڈیا پر پوسٹس سے متعلق سب کچھ دکھایا گیا، تحریک انصاف نے پارٹی فنڈز سے متعلق تمام ریکارڈ جے آئی ٹی کو پیش کر دیا۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر و دیگر سے پارٹی فنانسنگ سے متعلق بھی سوالات پوچھے گئے جب کہ جے آئی ٹی نے پیش نہ ہونے والے افراد کے خلاف پہلے ہی سخت ایکشن لینے سے متعلق خبردار کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 1 مئی 2025
کارٹون : 30 اپریل 2025