پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی: انڈیکس 1300 پوائنٹس گر گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کو پھر مندی کے رجحان نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1300 پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی، جس کی وجہ عالمی تجارتی جنگ ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 335 پوائنٹس یا 1.15 فیصد تنزلی سے ایک لاکھ 14 ہزار 853 پر آگیا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 16 ہزار 189 پر بند ہوا تھا۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا کہ مارکیٹ آج کم سطح پر بند ہوئی کیونکہ شرکا نے امریکی محصولات کے وسیع تر مضمرات کا از سر نو جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابتدائی ردعمل نے تجویز کیا کہ کچھ پاکستانی برآمد کنندگان امریکی منڈی تک بہتر رسائی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، لیکن اب توجہ دوسرے مرحلے کے اثرات کی طرف مبذول ہو رہی ہے، جس میں چین سے بڑھتے ہوئے مسابقت کی وجہ سے برآمدات پر چلنے والی دیگر معیشتوں میں سست روی کا خطرہ بھی شامل ہے۔
یوسف ایم فاروق نے کہا کہ پاکستان اپنی محدود برآمدی بنیاد اور عالمی اجناس کی قیمتوں میں حالیہ تیزی سے گراوٹ کے پیش نظر براہ راست نتائج سے نسبتاً محفوظ ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف کا کہنا تھا کہ بیجنگ کی جانب سے جوابی ٹیرف میں اضافے کے بعد سرمایہ کار امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی ٹیرف جنگ پر تشویش سے پریشان ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے نفاذ کے بعد چین کی جانب سے امریکا پر بھاری محصولات عائد کیے جانے کے بعد تجارتی جنگ بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ایس 100 انڈیکس میں 3 ہزار 882 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹیں بھی کریش کر گئی تھیں۔
اگلے روز 8 اپریل کو اسٹاک مارکیٹ بحالی کی جانب گامزن رہی تھی اور کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 623 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز 10 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین کے علاوہ دیگر ممالک کے لیے ٹیرف میں 3 ماہ کی نرمی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ’کے ایس ای 100‘ انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔