سشمیتا سین کا فواد خان اور ہانیہ عامر کی بولی وڈ میں واپسی پر رد عمل
مقبول بولی وڈ اداکارہ سشمیتاسین نے پاکستانی اداکار فواد خان اور ہانیہ عامر کے بھارت میں کام کرنے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تخلیقی کام کے لیے سرحد کی قید نہیں ہوتی۔
سشمیتا سین نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں صحافی نے ان سے بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کام پر سوال کیا۔
صحافی نے اداکارہ سے کہا کہ چند سال تک پاکستانی اداکار بھارت میں کام نہیں کر رہے تھے لیکن اب فواد خان اور ہانیہ عامر کی واپسی ہو رہی ہے، اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟
اس پر سشمیتا سین نے کہا کہ انہیں مذکورہ معاملے کا زیادہ علم نہیں لیکن ان کے خیال میں ہنر اور تخلیقی کاموں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور نہ ان کی سرحد ہونی چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسپورٹس اور تخلیقی کام کرنے کی فیلڈ (شوبز) ہی ایک ایسی چیز ہے، جہاں آزادی ہوتی ہے، ان کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں اور نہ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر کسی کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں اور یہ کہ ہمارے کام میں کوئی سرحد کی قدغن نہیں ہوتی۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران فواد خان یا ہانیہ عامر کا نام نہیں لیا، تاہم کہا کہ فن، تخلیقی کام، اسپورٹس اور شوبز میں کام کرنے والوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
اسی صحافی سے بات کرتے ہوئے سشمیتا سین نے پاکستانی فلموں میں کام کی پیش کش پر بھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرحد کی قید کے بغیر فلموں میں کام کرنے کی عادی ہیں۔
سشمیتا سین کے مطابق وہ کام کے دوران صرف فلم کی کہانی کو دیکھتی ہیں، یہ فرق نہیں پڑتا کہ اسے کس ملک سے کام کی پیش کش ہو رہی ہے۔
سشمیتا سین کی جانب سے نام لیے بغیر پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی حمایت کرنے اور پاکستانی فلموں میں کام کے لیے رضامندی ظاہر کیے جانے پر ان کی تعریفیں کی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے جواب کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر دلائل کے ساتھ اچھا جواب دیا۔
سشمیتا سین سے قبل سنی دیول بھی فواد خان کا نام لیے بغیر ان کی بھارتی فلموں میں کام کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔
سشمیتا سین اور سنی دیول کی جانب سے فواد خان کی بھارتی فلموں میں واپسی کی حمایت ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب کہ فواد خان تقریبا ایک دہائی بعد جلد ہی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ میں وانی کپور کے ساتھ نظر آئیں گے۔
فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’ابیر گلال‘ آئندہ ماہ مئی میں ریلیز ہوگی جب کہ ہندو انتہاپسند جماعتوں نے پاکستانی اداکار کی بھارتی فلم کو انڈیا میں ریلیز کرنے پر شدید احتجاج کی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔