جنید جمشید کے لیے ان کی پسند کا کھانا تیارکیا لیکن ان کے موت کی خبر ملی، بیوہ
مذہب اسلام کی خاطر گلوکاری چھوڑ کر اسلام کی تبلیغ کرنے والے مرحوم جنید جمشید کی بیوہ راضیہ جنید نے شوہر کی موت کے 9 سال بعد بتایا ہے کہ انہیں شوہر نے رات کا کھانا ایک ساتھ کھانے کا کہا تھا، جس پر انہوں نے ان کی پسند کا کھانا تیار کیا لیکن شام کے وقت ہی انہیں شوہر کے موت کی خبر ملی۔
راضیہ جنید نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے جنید جمشید سے اپنی شادی سے متعلق بھی کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جنید جمشید کی مداح تھیں، انہوں نے جنید جمشید کی گلوکاری دیکھ رکھی تھی لیکن ان کی شادی ان سے اس وقت ہوئی جب وہ گلوکاری کو خیربادہ کہ چکے تھے۔
راضیہ جنید کے مطابق جنید جمشید اور ان کی ایک دوسرے سے دوسری شادی تھی، انہیں پہلی شادی سے تین بچے تھے، جنہیں مرحوم نے اپنے بیٹوں کی طرح سمجھا اور پالا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اور جنید جمشید کی پہلی ملاقات تبلیغ کے دوران ہی ہوئی اور بعد ازاں دونوں نے نکاح کرلیا۔
ان کے مطابق مرحوم جنید جمشید نے ان کے بیٹوں سے حقیقی بیٹوں کی طرح پیار کیا جب کہ وہ ہر وقت ان کے ساتھ محبت سے پیش آتے، ہمیشہ دور ہونے پر ان سے فون کے ذریعے ہر وقت رابطے میں رہتے تھے۔
راضیہ جنید کا کہنا تھا کہ جنید جمشید کو 10 دن کے لیے چترال تبلیغ کے لیے جانا تھا لیکن جانے سے پہلے وہ کچھ اداس تھے، بار بار کہتے رہے کہ ان کا جانے کا دل نہیں کر رہا لیکن اس باوجود وہ چترال گئے۔
ان کے مطابق چترال سے واپسی سے قبل رات دیر گئے شوہر نے انہیں فون کرکے بتایا کہ وہ شام تک اسلام آباد پہنچ جائیں گے، جہاں وہ ساتھ کھانا کھائیں گے اور انہوں نے شوہر کو بتانے پر ان کی پسند کا گوشت تیار کیا۔
راضیہ جنید کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں ٹی وی نہیں ہوتا، اس لیے انہوں نے خبر نہیں سنی لیکن چار بجے کے بعد انہیں مینیجر نے فون کرکے بتایا کہ جنید جمشید کے طیارے کا پتا نہیں چل رہا۔
انہوں نے بتایا کہ مینیجر کے بتانے پر انہوں نے بیٹے کو لیپ ٹاپ کھول کر خبر دینے کا کہا، جس پر انہیں معلوم ہوا کہ جنید جمشید کا طیارہ گر کر تباہ ہوچکا ہے۔
راضیہ جنید کے مطابق شوہر کے حادثے میں انتقال کے بعد جب ان کی عدت پوری ہوئی تو وہ حادثے کے مقام پر بھی گئی تھیں۔
دوران انٹرویو راضیہ جنید نے شوہر کی دوسری بیویوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی، تاہم بتایا کہ شوہر نے ہمیشہ ان کے حقوق کا خیال رکھا، انہیں کبھی شکایت کا موقع نہیں دیا۔
ان سے قبل نومبر 2024 میں جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید نے بتایا تھا کہ ان کے والد نے تین شادیاں کر رکھی تھیں، ان کے والدہ کے علاوہ ان کے والد نے دو شادیاں اور کر رکھی تھیں، تاہم انہوں نے والد کی بیویوں کے نام نہیں بتائے تھے۔
جنید جمشید کی ایک اہلیہ ان کے ہمراہ حادثے میں انتقال کر گئی تھیں جب کہ دوسری بیوہ راضیہ جنید نے بتایا ہے کہ وہ جنید جمشید کی دوسری بیوی تھیں جب کہ وہ بھی ان کے دوسرے شوہر تھے۔
جنید جمشید کو پہلی بیوی سے اولاد ہے اور ان کے بیٹے ان کے انتقال کے بعد ان کا کاروبار سنبھالتے ہیں۔
جنید جمشید دسمبر 2016 میں چترال سے اسلام آباد آنے والی پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز تباہ ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے تھے، ان کے ساتھ ان کی دوسری اہلیہ نیہا جمشید بھی تھیں۔
مذکورہ طیارے حادثے میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت مجموعی طور پر 48 افراد سوار تھے۔