نائیجیریا: مسلح حملے میں 37 افراد ہلاک
لاگوس: وسطی نائیجیریا میں واقع سطح مرتفع ( پلیٹی) میں منگل کوصبح سے کچھ دیر قبل مسلح افراد کے حملے میں 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے ترجمان سلیسو مصطفیٰ نے بتایا کہ تازہ حملہ ایک دہائی طویل فرقہ وارانہ تنازعے کا سلسلہ ہے انہوں نے کہا کہ نا معلوم حملہ آوروں نے چار دیہاتوں کو نشانہ بنایا ۔
حملہ آوروں نے چار مختلف علاقوں میں ان افراد کو قتل کیا ہے، یہ سطح مرتفع نائجیریا کا وسطی بیلٹ کہلاتا ہے۔ یہ ایک تقسیم بھی ہے جس کے ایک طرف عیسائی بستے ہیں تو دوسری جانب مسلمان رہتےہیں۔
فلانی ہاوسا کے نسلی گروہ مسلمان چرواہوں نے بروم نسلی گروہ کے عیسائی زمینداروں پر اس حملے کا الزام عائد کیا ہے۔
فلانی لیڈروں کا کہنا ہے کہ بروم کے سیاستدان چرواہوں کے حقوق کا استحصال کر رہے ہیں اور مختلف بہانوں سے انہیں سرسبز علاقوں سے دور رکھا جارہا ہے۔
اس تازہ حملے کے حوالے سے واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حملے کی ابتدا کس گروپ نے کی ہے۔
اسلام پسند گروپ بوکو حرم گزشتہ چار سال سے شمال میں اس طرح کے حملے کرتا رہا ہے اور وہ وسطح مرتفع پر بھی حملہ کر چکا ہے لیکن فوری طور پر اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کے ان تازہ حملوں میں یہ گروپ ملوث ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فوج کے وقوعہ پر پہنچنے سے قبل حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور اب سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ کشیدگی ہو گئی ہے حالانکہ نائجیریا کا آئین مقامی لوگوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔