قصور: تحریک انصاف رہنما تین محافظوں سمیت ہلاک
لاہور: قصور ٹول پلازہ پر فائرنگ سے تحریک انصاف قصور کے رہنماء مقصود احمد سمیت پانچ افراد کے قتل کر دیے گئے، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا۔
ابتدائی پولیس رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء مقصود احمد اپنے تین محافظوں کے ساتھ جا رہے تھے کہ قصور للیانی ٹول پلازہ پر نامعلوم افراد نے ان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق قاتلانہ حملے میں تحریک انصاف رہنما اپنے تین محافظوں سمیت ہلاک جبکہ ایک راہگیر شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے لاشیں اور زخمی راہ گیر کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
ڈی پی او قصور کے مطابق مقتول کی متعدد افراد سے دشمنیاں تھی تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا اور اصل حقیقت تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔
پولیس نے مزید کارروائی کے لیے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دی ہیں۔
واقعے کے خلاف تحریک انصاف کے مقتول رہنما کے حامیوں نے احتجاج کیا اور ٹول پلازہ پر ہوائی فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی جس سے ٹریفک جام ہو گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کے بیٹے کی پراسرار ہلاکت
تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشرف کا نوجوان بیٹا پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا ہے جسے لواحقین نے قتل اور پولیس نے خودکشی قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق نیلم اشرف کا بتیس سالہ بیٹا نعمان کماں کے علاقے سے واپس آرہا تھا اور اپنی گاڑی میں پراسرار طور پر مردہ پایا گیا۔
واضح رہے کہ متوفی نعمان کی اگلے ماہ فروری میں شادی ہونے والی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے پستول اور گولیاں بھی برآمد کرلی ہیں اور ایس پی ماڈل ٹاون طارق عزیز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ خودکشی کا نتیجہ لگتا ہے۔
تاہم دوسری جانب ورثاء کے مطابق ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔
پولیس نے متوفی نوجوان کی والدہ کے شک پر تین افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔