پشاور: سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، اہلکار ہلاک
پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواح میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں کم از کم ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فضل وحید نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ سیکورٹی فورسزک ے قافلے پر فرنٹیئر روڈ پر واقع عزیز مارکیٹ کے قریب حملہ کیا گیا۔
ابھی تک ھماکے کی نوعیت اور اس کی شدت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب تحریک طالبان پاکستان جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔
بڈھ بیر کے ایس ایچ او نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے قافلے پر عزیز مارکیٹ کے قریب ہونے والے حملے میں کم از کم ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
علاقے میں گزشتہ چار دن سے کرفیو نافذ ہے۔
واضح رہے کہ فوج کی جانب سے ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اسے سے قبل گزشتہ رات خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسز قلعے پر حملہ کیا جس کے بعد دونوں جانب سے راکٹوں اور شدید فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ شدت پسندوں نے علاقے میں اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا جس کے بعد متعدد دھماکے بھی سنے گئے۔
دونوں جانب سے ہلکےاوربھاری ہتھیاروں سےفائرنگ کی گئی۔ تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی طلاع نہیں ملی۔
علاقے میں موجود مقامی لوگوں نے بتایا کہ رات گئے شدت پسندوں نے قلعے پر راکٹ فائر کیے جس سے علاقہ دھماکوں سے گونج اٹھا۔
یہ واقعہ تحریک طالبان پاکستان کے اس اعلان کے ایک روز بعد پیش آیا جس میں اس کالعدم تنظیم نے فائربندی میں توسیع کرنے سے انکار کردیا تھا، تاحال کسی عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
تبصرے (2) بند ہیں