انتخابی اصلاحات کمیٹی میں صرف چار حکومتی سینیٹرز کی شمولیت
اسلام آباد: انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے سینیٹ سے نمائندگی پر حکومت اور اپوزیشن میں معاملات طے پا گئے ہیں، حزب اختلاف کے سات جبکہ حکومت کے چار سینیٹرز کمیٹی میں شامل کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں انتخابی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں حکومت اور حزب اختلاف نے کمیٹی کے لیے ناموں کو حتمی شکل دی، قومی اسمبلی کے اسپیکر نے سینیٹرز کے ناموں کے لیے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی رہنماوں سے 24 جولائی تک نام مانگ لیے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی جانب سے نام موصول ہونے کے بعد کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگا۔
علاوہ ازیں سینیٹ سے نمائندگی کے لیے حکومت اور حزب اختلاف میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے حکومت کے 4 جبکہ حزب اختلاف کے 7 ارکان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) کی طرف سے اعتزاز احسن، رضا ربانی اور فاروق ایچ نائیک کمیٹی کے رکن ہوں گے جبکہ قومی اسمبلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شازیہ مری کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔