کے پی: پی ٹی آئی حکومت کے مفت تعلیم کے دعوے، 144 اسکول بند
پشاور: ایک جانب تو تحریک انصاف کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت مفت تعلیم کی فراہمی کے دعوے کیے جارہے ہیں، دوسری جانب ضلع لکی مروت میں ناصرف اسکول بند ہیں بلکہ اساتذہ بھی کافی عرصہ سے غیر حاضر ہیں ۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کے مفت اور یکساں نظام تعلیم کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے، اور یہ اعلانات بھی محض سیاسی دعوے ہی ثابت ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے ضلع لکی مروت میں ستمبر کے مہینےمیں 144 اسکول بند پائےگئے ہیں، جن میں سے 54 اسکول لڑکوں اور 90 لڑکیوں کے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان اسکولوں میں سے 36 اسکول مکمل طور پر غیر فعال بتائے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس ضلع میں مجموعی طور پر 333 اساتذہ اسکولوں سے غیر حاضر پائے گئے، ان میں 45ایسے غیرحاضر اساتذہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنی جگہ متبادل اسٹاف فراہم کیا تھا۔
یہ رپورٹ لکی مروت کی ایک ضلعی کمیٹی کو پیش کر دی گئی ہے، اور لکی مروت کے ڈپٹی کمشنر سید ظفرعلی شاہ نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا ہے۔
اس کے علاوہ لکی مروت میں اسکول بلڈنگ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ لکی مروت غیر فعال اسکولوں کی لسٹ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
تبصرے (8) بند ہیں