امریکا کا پاکستان، ہندوستان پر تعلقات بہتر بنانے پر زور
واشنگٹن: امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے چوتھی مرتبہ پاکستان اور ہندوستان پر تعلقات بہتر بنانے اور تناؤ دور کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیائی پڑوسیوں کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے 'مثبت کردار' ادا کررہا ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف مسائل پر تعلقات بہتر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک-ہندوستان کشیدگی: کیری کا نواز کو فون
اس سے قبل منگل کو امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے پاکستان اور ہندوستان پر تناؤ کم کرنے پر زور دیا تھا۔
جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ہی ایک اور اہلکار جیف رتھکے نے بھی انڈیا اور پاکستان پر تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا۔
ایک اور اہلکار کے مطابق جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی اہم ہیں۔
پاکستانی اور ہندوستانی رہنماؤں کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلوں کے بعد جان کیری نے وزیراعظم نواز شریف کو منگل کو فون کیا تھا جبکہ بعد میں انہوں نے اس گفتگو کو مثبت اور دوستانہ قرار دیا۔
کیری نے کہا کہ جب میں نے شریف صاحب کو فون کیا تو انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی گفتگو ختم کی تھی۔
کیری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ ظاہری وجوہات کی بنا پر ہم سب کے لیے باعث تشویش ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک اور آفیشل نے صحافیوں کو بتایا کہ واشنگٹن ہندوستان کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔