بڈھ بیرحملہ: 'ابھی ذمہ داران کا تعین قبل ازوقت'
واشنگٹن: امریکا نے پاکستان فضائیہ کے بڈھ بیر ایئر کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی حملے کے ذمہ داران کا تعین کرنا قبل ازوقت ہوگا.
خیال رہے کہ گذشتہ روز پشاور کے قریب انقلاب روڈ پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے بڈھ بیر کیمپ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 29 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:ایئر فورس کیمپ پر طالبان کا حملہ،29 افراد ہلاک
واشنگٹن میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران کہا: " یہ حقیقت کہ یہ حملہ بظاہر مسجد میں عبادت کرنے والے افراد کے خلاف تھا اور اس میں پاکستانی فوج میں خدمات سرانجام دینے والوں کو نشانہ بنایا گیا، خاص طور پر مذمت ہے".
انھوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا کہ یہ حملہ پاکستان میں امن و امان کی قابو سے باہر ہوتی صورتحال کی طرف ایک اشارہ ہے.
مزید پڑھیں:'پشاور حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی'
مارک ٹونر کا کہنا تھا: "افسوس ناک بات یہ ہے کہ حملہ قابل مذمت ہے لیکن نیا نہیں ہے".
پاکستان کے اس دعویٰ سے متعلق سوال پر کہ بڈھ بیر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، مارک ٹونر نے تبصرہ کیا کہ پاکستان دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے ہاتھوں شدید متاثر ہے، "ہم فی الوقت حملے کے ذمہ داران سے متعلق اطلاعات کی تصدیق نہیں کرسکتے اور مزید معلومات کے لیے حکومت پاکستان سے ہی رجوع کیا جانا چاہیے".
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا، دہشت گردی کی لعنت کے خلاف برسرِ پیکار پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے.