پاک-ہند تعلقات: ’جنوبی ایشیا کے امن کیلئے ضروری‘
واشنگٹن: امریکا کا ماننا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے بہتر تعلقات، جو کہ انتہائی کشیدہ ہے، سے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام ممکن ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونر نے نیوز بریفنگ کے دوران پاکستان اور ہندوستان کو دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انسداد دہشت گردی کے لئے ہم نہ صرف امریکا اور ہندوستان میں بہتر، مضبوط اور قریبی تعاون کے خواہاں ہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک، خاص طور پر پاکستان، سے بھی بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ سب کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے، سب کو اپنا دفاع کرنے کی ضرورت ہے، مستقل میں کسی بھی قسم کے حملوں سے نمٹنے کے لئے ہمیں انٹیلی جنس اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کی ضرورت ہے۔
مارک ٹونر نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ممبئی حملوں کے ذمہ داران، جس میں 166 افراد ہلاک ہوئے، کو قانون کے کٹھرے میں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ممبئی حملوں میں ملوث افراد، ان کو رقم فراہم کرنے والے اور اسپانسرز اپنے کئے گئے جرائم پر جوابدہ ہیں۔
ترجمان نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم مجرموں کے خلاف ہونے والی عدالتی کارروائی پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور یہ محسوس کرتے ہیں کہ یہ ہندوستان کے لئے انتہائی خوفناک سانحہ تھا۔‘