• KHI: Zuhr 12:35pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:36pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 4:42pm
  • KHI: Zuhr 12:35pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:36pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 4:42pm

معاشی پالیسیوں میں کمزوریوں کا انکشاف

شائع December 12, 2015

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت میں موجود متعدد کمزوریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت سے ان کے فوری تدارک کے لیے اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے، جس میں توانائی کی حکمت عملی قابل ذکر ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 15-2014 کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے اس میں معیشت کے متعدد پہلوؤں پر تنقیدی تجزیہ شامل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’سود میں کی جانے والی واضح کمی اور عوامی سرمایہ کاری میں اضافے کے باوجود نجی سرمایہ کاری کی وصولی نہیں ہوپائی ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد مطالبہ کرتا ہے کہ مربوط اور مسلسل طویل المدتی صنعتی و تجارتی پالیسیوں کے امکانات اور معاشی ماحول کو پیدا کیا جانا چاہیے‘.

رپورٹ کے مطابق ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گھریلو توانائی سے شدید خطرات لاحق ہیں اور گذشتہ کچھ سالوں سے ملک میں گیس اور توانائی کی کمی کے باعث کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران صورت حال میں معمولی سی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، تاہم بیشتر صنعتوں مثلاً پیپر اور گلاس کی صنعتیں اب تک اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے ساتھ سامنے نہیں آسکی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’اس حوالے سے، توانائی کی کمی بھی ایک مربوط پالیسی کے فقدان کی عکاسی کرتی ہے‘۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ برآمدی ترقی کی حکمت عملی (ایکسپورٹ اورینٹڈ گروتھ اسٹریٹجی) یا عقلی درآمد پر متبادل توجہ (ریشنل امپورٹ سبسٹیٹیوشن فوکس) کی عدم موجودگی نے گذشتہ کچھ سالوں میں غیر ملکی سرمائے پر غیر معمولی دباؤ ڈالا ہے، جو کہ معیشت کی اعلیٰ ترقی کی رفتار میں رکاوٹ ہے۔

بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’برآمدات کو بڑھانے کے لیے حکومت کو بنیادی اصولوں کو پہلے درست کرنا ہوگا، جن میں معیار پر سخت قواعد و ضوابط کو لاگو کرنا، تحقیق اور لیبر اداروں کو مضبوط کرنا، ٹیکنالوجی اَپ گریڈیشن کے حوالے سے قائل کرنا، صنعتی سرگرمیوں کو پھیلانے اور ٹیرف میں یکسانیت کے لیے کوششوں کو یقینی بنانا شامل ہے.‘

یہ خبر 12 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اپریل 2025
کارٹون : 3 اپریل 2025