• KHI: Maghrib 7:04pm Isha 8:27pm
  • LHR: Maghrib 6:46pm Isha 8:16pm
  • ISB: Maghrib 6:55pm Isha 8:28pm
  • KHI: Maghrib 7:04pm Isha 8:27pm
  • LHR: Maghrib 6:46pm Isha 8:16pm
  • ISB: Maghrib 6:55pm Isha 8:28pm

’پاکستان، افغانستان، ہندوستان سے آزادانہ تعلقات‘

شائع December 12, 2015
امریکی سیکریٹری دفاع ایش کارٹر اور ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر — فائل فوٹو/ اے ایف پی
امریکی سیکریٹری دفاع ایش کارٹر اور ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر — فائل فوٹو/ اے ایف پی

واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری دفاع ایش کارٹر کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاکستان، افغانستان اور ہندوستان کے ساتھ آزادانہ تعلقات قائم ہیں اور وہ اسے جاری رکھنا چاہتا ہے۔

ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے ساتھ واشنگٹن میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایش کارٹر نے کہا کہ واشنگٹن سے ان تینوں ممالک کے تعلقات انسداد دہشت گردی سے کہیں زیادہ آگے ہیں۔

ایش کارٹر کا کہنا تھا کہ ’انسداد دہشت گردی اور خطے کی سیکیورٹی کی صورت حال کے حوالے سے ہماری ہندوستان سے مسلسل بات چیت ہوتی رہتی ہے‘۔

اس موقع پر کیلیفورنیا حملے کے بعد امریکا کے ہندوستان سے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون برھانے کے سوال پر امریکی سیکریٹری دفاع نے کہا کہ ’بالکل، جنوبی ایشیا میں موجود دہشت گردی کی تمام اقسام ایک سنجیدہ مسئلہ ہے‘۔

ایش کارٹر کا کہنا تھا کہ ’ہندوستان کو دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جیسا کہ پاکستان اور افغانستان کو نشانہ بنایا جارہا ہے‘۔

تاہم انھوں نے امریکا میں کسی بھی حملے میں پاکستانی شہری کے ملوث ہونے پر تبصرے سے انکار کیا۔

انھوں ںے کہا کہ ’ہمارے ان تینوں ممالک سے آزادانہ تعلقات ہیں اور صرف انسداد دہشت گردی ہی واحد چیز نہیں ہے جو ہمارے اِن ممالک سے تعلقات کی وجہ ہے‘۔

تاہم ہندوستانی وزیر دفاع کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خطرے کا بین الاقوامی طور پر جواب دیا جانا چاہیے۔

منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی ایک عالمی رجحان بنتا جارہا ہے اور اس کے تدارک کے لیے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں‘۔

ایش کارٹر نے اپنے ابتدائی کلمات میں امریکا اور ہندوستان کے درمیان قائم دفاعی شراکت داری کا دفاع کرتے ہوئے اسے ’عالمی سلامتی کی میزبانی‘ قرار دیا تھا۔

ہندوستانی وزیر دفاع کے حالیہ واشنگٹن کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کی جانب سے جیٹ انجن کے حوالے سے تعاون، طیاروں کے ڈیزائن اور انھیں بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

یہ خبر 12 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 6 مئی 2025
کارٹون : 4 مئی 2025