پاک ۔ امریکا اسٹریٹجک مذاکرات 29 فروری کو
واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کا چھٹا دور رواں ماہ 29 فروری کو ہوگا۔
سرکاری حکام نے ڈان کو بتایا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے، اپنے ممالک کے وفود کی نمائندگی کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور اسلام آباد میں گزشتہ برس 13 جنوری کو ہوا تھا۔
مذاکرات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون سمیت خطے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی۔
دونوں ممالک کے ورکنگ گروپس کی جانب سے معیشت، دفاع، انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بات ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کا آغاز 2010 میں ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان اُس سال مذاکرات کے تین دور ہوئے۔
تاہم 2011 میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں اُس وقت خلل پیدا ہوگیا جب امریکا نے رات کی تاریکی میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد میں آپریشن کیا۔
مذاکرات تین سال سے زائد عرصے کے وقفے کے بعد 2014 میں دوبارہ بحال ہوئے اور 27 جنوری کو سرتاج عزیز اور جان کیری نے واشنگٹن میں ملاقات کی۔
یہ خبر 16 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔