نواز-مودی ملاقات: امریکا میزبانی کیلئے پرامید
واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ امریکی دارالحکومت میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرا اعظم کی ملاقات کے حوالے سے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔
دو جنوبی ایشیائی ریاستوں کے سربراہان کے درمیان ملاقات کیلئے امریکا کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے سوال پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے ہونے والے کسی بھی فیصلے کی ہماری جانب سے حمایت کی جائے گی'۔
خیال رہے کہ واشنگٹن میں موجود سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ واشنگٹن میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے دورے کے موقع پر امریکا، ہندوستان اور پاکستان غیر محسوس طریقے سے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے امکانات کا اظہار کررہے ہیں۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے امریکا میں 31 مارچ سے یکم اپریل کو منعقد ہونے والی جوہری سمٹ میں شرکت کی دعوت کو قبول کیا ہے۔
مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس وقت کوئی ایسی چیز نہیں ہے 'جس کی وہ نشاندہی کرسکتے ہیں' تاہم وہ یہ تصدیق کرسکتے ہین کہ امریکا، پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں سے رابطے میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'یقینی طور پر ہم ہندوستانی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم اس سارے عمل کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں'۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں بریفنگ دیتے ہوئے مارک ٹونر نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ دہشت گردی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔
پاکستان میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ 'داعش کی پاکستان میں موجودگی یا غیر موجودگی کے حوالے سے میں بات نہیں کرسکتا'۔
انھوں ںے مزید کہا کہ 'میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم داعش اور اس سے منسلک گروپوں کو افغانستان میں ابھرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ میری مراد یہ ہے کہ وہ ایسی جگہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جہاں حکومت موجود نہیں۔ پاکستان کے کچھ علاقے ان دہشت گرد تنظیموں کیلئے محفوظ پناہ گاہ ہوسکتے ہیں '۔
انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستانی حکومت کی ان 'دہشت گردوں سے جنگ اور انھیں پیچھے دکھیلنے کے حوالے سے ان کی وابستگی' سے' مکمل طور پر واقف ہے'۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کے عوام سے زیادہ کوئی بھی دہشت گردی سے متاثر نہیں ہوا ہے، اور ہم ان کی حمایت جاری رکھے گے، چاہے وہ داعش یا دیگر دہشت گرد گروپ ان کی زمین سے کارروائیاں کررہے ہیں'۔
یہ خبر 21 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں