• KHI: Fajr 4:30am Sunrise 5:52am
  • LHR: Fajr 3:42am Sunrise 5:12am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:14am
  • KHI: Fajr 4:30am Sunrise 5:52am
  • LHR: Fajr 3:42am Sunrise 5:12am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:14am

بلیک لسٹ امریکی شہری کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ

شائع August 10, 2016
بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ کو6 اگست کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا—۔فوٹو/ ڈان
بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ کو6 اگست کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا—۔فوٹو/ ڈان

راولپنڈی: راولپنڈی کی مقامی عدالت نے بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحویل میں دے دیا۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے مذکورہ امریکی شہری کو ہفتہ 6 اگست کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کرکے اس کے خلاف پاکستان کسٹم ایکٹ اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جب کہ میتھیو کریگ بریٹ کو ایئرپورٹ سے کلیئر کرنے والے ایف آئی اے ملازمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ میتھیو کریگ بیرٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان میں مستقل قیام کرنے کی غرض سے امریکا سے واپس آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلیک لسٹ امریکی شہری اسلام آباد سے گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلیک لسٹ امریکی شہری کو دوسری بار گرفتار کیا ہے، اس سے قبل انھیں مئی 2011 میں پولیس نے گرفتار کیا تھا جس سے کچھ دن قبل امریکی فورسز نے ایبٹ آباد میں چھاپہ مار کر القاعدہ کے امیر اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔

امریکی شہری کی گرفتاری کے بعد ان کی بیوی بنوشا خان نے ان کی رہائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا، بعدازاں امریکی شہری کو رہا کردیا گیا۔

ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ بلیک لسٹ امریکی شہری کے ویزے کی مدت دسمبر 2011 میں ختم ہوگئی تھی تاہم اسے مئی 2011 میں جھنگ بھارتر کے علاقے میں حساس تنصیبات کی تصاویر لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انھیں 4 جون 2011 میں انٹیلی جنس ایجنسی کی درخواست کے بعد فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ایف آئی سے نے عدالت کو مزید بتایا کہ امریکا واپس جانے کی بجائے میھتیو بیرٹ روپوش ہوگئے تھے، جنھیں ویزے کے معیاد کی مدت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'میتھیو بیرٹ پاکستان منتقل ہونا چاہتا تھا'

امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ کی حالیہ گرفتاری کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ان کا نام بلیک لسٹ میں موجود ہونے کے باوجود ویزا جاری کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا۔

دریں اثنا وزیر داخلہ نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کو ویزوں کے اجرا میں متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

چوہدری نثار اور جلیل عباس جیلانی کی ملاقات کے دوران پاک-امریکا تعلقات اور امریکی قانون سازوں کے حالیہ بیانات اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بلاجواز تنقید سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوسکتے ہیں اور مشترکہ مفادات کے حصول میں دشواریاں پیش آسکتی ہیں۔

یہ خبر 10 اگست 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 6 مئی 2025
کارٹون : 4 مئی 2025