• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بالوں کو گرنے سے روکنے والے 7 گھریلو طریقے

شائع September 22, 2016 اپ ڈیٹ October 9, 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

بالوں کا گرنا کس شخص کو پسند ہوسکتا ہے خاص طور پر مردوں کو، جن میں گنج پن کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہوتا ہے۔

اگر آپ کو بالوں کے گرنے کا سامنا ہے تو بہتر تو یہ ہے کہ کسی ڈاکٹر سے رجوع کرکے اس کی جڑ تلاش کریں۔

تاہم بالوں کی صحت مند نشوونما کے لیے یہ گھریلو ٹوٹکے بھی آپ کو مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

ایلو ویرا

اگر تو آپ پریشان ہیں کہ کس طرح گرتے بالوں کو روکیں تو ایلو ویرا اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے، ایلو ویرا سر کی سطح کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرکے ہیئر سیلز کے لیے ایسا صحت مند ماحول تیار کرتا ہے کہ بالوں کی نشوونما بہتر ہوجاتی ہے۔ ایلو ویرا ایک جز سیبم کی صفائی بھی کرتا ہے جو بالوں کی جڑوں کو روک کر بالوں کو اگنے سے روکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایلو ویرا کے خالص جیل کی مالش اپنے سر پر کریں۔

ملیٹھی کی جڑ

ملیٹھی کی جڑ کے متعدد فوائد ہوتے ہیں اور یہ بالوں کے گرنے کا قدرتی علاج بھی ثابت ہوتی ہے۔ اس جڑ کو خشک اور خارش زدہ سر پر استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے، یہ بالوں کی کمزور جڑوں کو مضبوط کرتی ہے، اس جڑ کا استعمال ہفتے میں ایک بار کرنا ہی زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

پیاز کا عرق

طبی جریدے جرنل آف ڈرماٹولوجی میں شائع ایک تحقیق کے مطابق پیاز کا عرق بالوں کی نشوونما میں بہت زیادہ معاونت کرتا ہے، اس تحقیق کے دوران رضاکاروں کے سروں پر 6 ہفتے تک دن میں دو بار اس عرق کو ملا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ عرق ایسا قدرتی طریقہ علاج ہے جو بالوں کو گرنے سے روک کر ان کی نشوونما بہتر بناتا ہے۔ پیاز میں سلفر پایا جاتا ہے جو دوران خون کو بہتر ، کولیگن کی نشوونما میں تیزی اور جراثیم کش ہونے کے باعث سر کے انفیکشنز کی روک تھام کرتی ہے، اس کے استعمال کے لیے پیاز کے عرق کو سر پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر بالوں کو شیمپو سے دھولیں۔

لہسن

لہسن آپ کے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، یہ سلفر کمپاﺅنڈ پیاز میں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے موثر ہے۔ لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔ آپ تیل میں بھی لہسن کو شامل کرکے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

ناریل

اکثر شیمپو اور کنڈیشنرز کا مرکزی جز ناریل ہوتا ہے، جس کی وجہ اس کی نمی بحال کرنے کی صلاحیت ہے، بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ نمی ختم ہوکر خشکی بڑھ جانا ہے۔ دن میں ایک بار ناریل کے دودھ کی مالش کریں اور دس منٹ تک کے لیے چھوڑنا جلد اس مسئلے سے نجات دلا سکتا ہے۔ اسی طرح ناریل کا تیل اور لیموں کا جوس ملا کر لگانے سے آپ اپنے بالوں کو لمبے عرصے تک سفید ہونے سے بھی روک سکتے ہیں۔

سیب کا سرکہ

اس سرکے کی تیزابیت سر کی سطح میں تبدیلیاں لاکر خشکی کو دور کرتی ہے۔ چوتھائی کپ سیب کے سرکے کو چوتھائی کپ پانی میں ملا کر کسی اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور پھر اپنے سر پر اس کا چھڑکاﺅ کریں۔ اس کے بعد اپنے سر پر تولیہ لپیٹیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک کے لیے بیٹھ جائیں اور پھر بالوں کو دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں دو بار اس کو دہرائیں۔

انڈے

انڈے کا ماسک بھی بالوں کے گرنے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، جس کی وجہ انڈوں میں پروٹین کی بھرپور مقدار ہے۔ انڈوں کے استعمال کے لیے ایک انڈے کو ایک چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں مکس کریں، بالوں کو دھونے کے بعد اس پیسٹ کو بالوں پر لگا کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس دوران ٹوپی پہن لیں۔ جب وہ پیسٹ خشک اور جذب ہوجائے تو بالوں کو کسی کنڈیشنر سے دھولیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024