• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جماعت الدعوۃ سمیت دیگر تنظیموں پر عطیات جمع کرنے پر پابندی

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ سمیت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی متعدد تنظیموں کے عطیات جمع کرنے پر پابندی لگادی۔

جماعت الدعوۃ کالعدم ’لشکر طیبہ‘ کا فلاحی ونگ ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ’کمیشن تمام کمپنیوں کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کسی تنظیم اور افراد کو عطیات نہ دیں۔‘

سلامتی کونسل کی فہرست میں جماعت الدعوۃ کے علاوہ خود لشکر طیبہ، فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن، پاسبانِ اہلحدیث اور پاسبانِ کشمیر بھی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں تنبیہ کی گئی کہ پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حافظ سعید کے انتخابات میں حصہ لینے پر امریکا پریشان

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ’حکومت پاکستان پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں پر پہلے ہی ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کرچکی ہے۔‘

یاد رہے کہ 2017 کے اوائل میں وفاقی حکومت نے حافظ سعید کو نظر بند کردیا تھا۔

تاہم لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی نظر بندی کی مدت میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد انہیں نومبر میں رہا کردیا گیا تھا۔

رہائی کے بعد امریکا نے حافظ سعید کی دوبارہ گرفتاری اور سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ انکار کی صورت میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی طور پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے حافظ سعید کی جانب سے حال ہی میں آئندہ انتخابات میں سیاسی مہم چلانے کے ارادے پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

معاملہ عدالت لے جانے کا اعلان

جماعت الدعوة پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے حکومت کی طرف سے جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی ایمبولینسوں کواپنی تحویل میں لیے جانے کی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو عدالتوں میں جائیں گے اور بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے واضح فیصلے موجود ہیں کہ جماعت الدعوة کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہے اور اسے ملک میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، لیکن اس کے باوجود حکومت کی طرف سے بھارت کی خوشنودی کے لیے آئے دن ایسے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔‘

یحییٰ مجاہد نے کہا کہ ’اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے بہانے حافظ محمد سعید کو نظربند کر دیا گیا تھا، جس پر حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر انہیں رہا کیا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت مودی سرکار کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہے، بھارت جب چاہتا ہے پاکستانی حکمرانوں پر دباﺅ بڑھاتا ہے اور یہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کبھی نظر بندیوں اور کبھی ایمبولینس بوتھ اکھاڑ کر ریلیف سرگرمیاں بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیتے ہیں۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024