• KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am
  • KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am

کوئٹہ: فائرنگ سے چار مسیحی سمیت 8 افراد ہلاک

شائع April 2, 2018 اپ ڈیٹ April 3, 2018

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ اور سبی پھاٹک کے قریب فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کا پہلا واقعہ پیر کی صبح قمبرانی روڈ پر پیش آیا جہاں کچھ نامعلوم مسلح افراد نے علاقے میں موجود دیگر لوگوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آکر 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس حکام نے امکان ظاہر کیا کہ یہ واقعہ قبیلوں کے درمیان پرانی دشمنی کا شاخصانہ لگتا ہے جبکہ مرنے والے افراد کا تعلق بن گل زئی قبیلے سے ہے۔

حملہ آور مذموم کارروائی کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ:فائرنگ سے ہزارہ برادری کا ایک فرد جاں بحق

ادھر کوئٹہ میں ہی دشت روڈ پر سبی پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت محمد اعظم کے نام سے ہوئی۔

پیر کی ہی شام کو کوئٹہ کے شاہ زمان روڈ پر فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے رکشے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس افسر محمد انور کھوکھر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق مسیحی برادری سے تھا، تاہم فائرنگ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی

واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال میں منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جہاں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ گزشتہ 3 روز کے درمیان یہ شہر میں فائرنگ کا تیسرا واقعہ ہے۔

ایک روز قبل یکم اپریل کو کوئٹہ کے علاقے کندھاری بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ 30 مارچ کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024