کراچی: منگھوپیر کے قریب مشتبہ خودکش بمبار ہلاک
کراچی کے نواحی علاقے منگھوپیر میں رینجرز کی چیک پوسٹ کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا۔
رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ مشتبہ خودکش بمبار نادرن بائی پاس کے قریب بلوچستان سے سندھ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم سرچ آپریشن کے دوران رینجرز اہلکاروں نے مشکوک معلوم ہونے پر اسے روکا۔
روکے جانے پر مشکوک شخص نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور جوابی فائرنگ سے اس کی خودکش جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں دو رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر نسیم پرویز کا کہنا تھا کہ رینجرز کے 71 وِنگ نے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ رینجرز کی وردی تبدیل کرنے کا اعلان
دوسری جانب علاقے کو سرچ اور کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی پیٹرولنگ ٹیم پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے تھے۔
سندھ رینجرز کے بیان میں کہا گیا کہ پیراملٹری فورسز کی موبائل علی محمد زِکری محلہ سے گزر رہی تھی جس دوران چند نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی۔