فخر کی سنچری، پاکستان کی دوسرے ون ڈے میں 9وکٹ سے فتح
فخر زمان کی شاندار سنچری اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
میچ کے لیے پاکستان اور زمبابوے کی جانب سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور دونوں ہی ٹیمیں گزشتہ میچ کے کھلاڑیوں کے ہمراہ ہی میدان میں اتریں۔
بلاوایو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا، اور پاکستانی باؤلرز نے ابتدا سے ہی میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کی اجازت نہ دی۔
تاہم زمبابوے کے کپتان ہیملٹن مساکڈزا کے 59 اور نوجوان کھلاڑی پیٹر مور کے 50 رنز کی بدولت ٹیم 194 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری نے 4، حسن علی نے 3 اور شعیب ملک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: امام کی سنچری، پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 119رنز کی شراکت قائم کی۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب امام 44 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم فخر زمان نے شاندار فارم کا تسلسل برقرار رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 76رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو 14اوورز قبل ہی میچ میں 9وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
فخر نے ناقابل شکست 117 رنز کی کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ بابر نے 29رنز بنائے۔
اس میچ میں فتح کی بدولت پاکستان نے 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔