فوجی جوانوں کی گاڑی کو حادثہ، 5 جوان شہید
بٹگرام: پاک فوج کے جوانوں کو انتخابی ڈیوٹی کے بعد پولنگ اسٹیشن سے واپس لانے والی جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے باعث 5 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی یونین کونسل بٹخول کے کرین خوار نامی علاقے میں پیش آیا۔
اس حوالے سے بنہ پولیس اسٹیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ تباہ ہونے والی گاڑی میں سوار آرمی جوان انتخابات کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد واپس آرہے تھے۔
بٹگرام آتے ہوئے راستے میں گاڑی جس میں فوجی جوان سوار تھے، ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوجی اہلکار، مقامی افراد اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں اور زخمی کو نکال کر بٹ گرام میں واقع ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔
گاڑی میں سوار فوجی جوانوں کی شناخت حوالدار حمید، نائیک لقمان، جمشید، رمیز اور مدثر کے نام سے ہوگئی۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔
ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-12 میں ریپرزائیڈنگ افسر کو انتخابی مواد کی ترسیل کے بعد واپس آرہی تھی اور 250 سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
تبصرے (1) بند ہیں