• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

’پنجاب میں حکومت سازی پر مشاورت مکمل، جلد خوشخبری دیں گے‘

شائع July 28, 2018

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے حوالے سے حکومت سازی پر مشاورت کرلی گئی اور اس حوالے سے جلد خوشخبری دی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پی ٹی آئی سے شکست کھا چکے ہیں۔

انہوں نے ایم ایم اے کے صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو احساس ہوجانا چاہیے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا کا کردار جمہوریت اور آئین کے لیے مفید نہیں، انہوں نے سیاست میں ہمیشہ منفی کردار ادا کیا اور اس وقت وہ بہت منفی سوچ کا ہی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

مزید دیکھیں: پنجاب میں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی، نعیم الحق

تحریک انصاف میں تنازعات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔

حکومت سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ان کے تمام کامیاب آزاد امیدواروں سے رابطے ہیں، جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار علی خان ہم سے رابطہ کرنا چاہیں تو ضرور کریں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کے پہلے 100 دن: تحریک انصاف کا 6 نکاتی ایجنڈے کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا اعلان جلد کردیا جائے گا، جبکہ پیپلز پارٹی سے حکومت سازی کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو بچانے کے لیے تحریک انصاف مکمل تیار ہے، انشاء اللہ عمران خان 14 اگست سے پہلے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاق میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی جبکہ پنجاب میں حکومت بنانے کے حوالے سے آج شام خوشخبری دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024