• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

جاپان کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات جیتنے پر مبارکباد

شائع August 3, 2018
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالا ملاقات کی اور عام انتخابات 2018 میں ان کی پارٹی کی بہترین کارکردگی پر مبارک باد دی۔

جاپان کے سفیر نے ملاقات میں عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سے ترکی، بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے عمران خان کو فون پر مبارکباد دی جاچکی ہے، جبکہ مختلف ممالک کے سفیر بھی چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرچکے ہیں۔

دو روز قبل برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے عمران خان سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی اور انتخابات میں جیت پر مبارک باد پیش کی۔

برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی وطن واپسی ہمارا عزم ہے۔

مزید پڑھیں: ترک صدر طیب اردوان کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارکباد

اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر فون کرکے مبارک باد دی تھی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے بھرپور گرم جوشی کا مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا تھا کہ بھارت، پاکستان سے تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہے تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

قبل ازیں 29 جولائی کو افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پی ٹی آئی چیئرمین کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان، افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں اور ان کی مقبولیت کے باعث افغانستان میں کرکٹ کو بھی فروغ ملا ہے۔

چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جنگ نے بھی عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔

چین کے سفیر نے ملاقات میں پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تحریک انصاف کے نظریے کو سراہا اور اس کی حمایت کرنے کا اظہار بھی کیا۔

27 جولائی کو سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پی ٹی آئی چیئرمین سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کا قوم سے پہلا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، خطاب میں عمران خان نے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سعودی سفیر نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کی منتقلی مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، یہ دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024