• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

'پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ قریبی اور متحرک تعلقات کے خواہاں ہیں'

شائع August 13, 2018

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کا خواہاں ہے۔

شاہ سلمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور نامزد وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی۔

پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شاہ سلمان نے نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان، سعودی عرب کی نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔'

ان کا کہنا تھا 'پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کا خواہاں ہے۔'

عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'سعودی عرب، پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔'

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام کے جمہوری عزم پر اقوام متحدہ کی مبارکباد

انہوں نے کہا کہ 'سعودی عرب کی سیکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔'

شاہ سلمان کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

عمران خان نے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو انتخابات جیتنے کے بعد پاکستان کے متوقع 21 ویں وزیراعظم ہونے کی وجہ سے دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل بھی عمران خان کو سعودی فرمانروا کی مبارکباد کا پیغام موصول ہوا تھا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو مبارکباد کا پیغام ارسال کیا اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں: ’ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری کردار کیلئے تیار ہیں‘

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر فیر نواف بن سعید المالکی وہ پہلے سفیر تھے جنہوں نے اس سلسلے میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جبکہ انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری تھا۔

بعد ازاں متعدد ممالک کے سفیروں نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کو دنیا کے کئی سربراہانِ مملکت کے فون بھی موصول ہوئے جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، افغانستان کے صدر اشرف غنی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024