• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، عامر ڈراپ

شائع September 27, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے لیکن محمد عامر کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی اور مسلسل ناقص کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے ٹیسٹ سیریز، آسٹریلین اسکواڈ سے میکسویل ڈراپ

توقعات کے برخلاف کپتان سرفراز احمد کو سیریز کے لیے آرام نہیں دیا گیا اور انہیں قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے البتہ ان کی معاونت اور کسی بھی انجری کی صورت میں محمد رضوان کو متبادل وکٹ کیپر کے طور پر اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے عامر کی جگہ وہاب ریاض کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے جو دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔

حیران کن طور پر دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب کیے جانے والے سعد علی کو بغیر کوئی میچ کھلائے ہی ٹیم سے باہر کردیا گیا حالانکہ انہوں نے گزشتہ سال ڈومیسٹک میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے تھے جبکہ سمیع اسلم اور راحت علی کو بھی ٹیم سے باہر کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'وہاب نے 2سال میں قومی ٹیم کو ایک بھی میچ نہیں جتوایا'

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے فواد عالم ایک مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ شان مسعود اور تجربہ کار محمد حفیظ کو بھی 17رکنی دستے میں جگہ نہ مل سکی۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں حارث سہیل، فہیم اشرف اور میر حمزہ کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ فخر زمان اور امام الحق بھی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، اظہر علی، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، بابر اعظم ، حارث سہیل، یاسر شاہ، بلال آصف، شاداب خان، محمد عباس، حسن علی، محمد رضوان وہاب ریاض، فہیم اشرف اور میر حمزہ۔

مزید پڑھیں: 'فواد عالم کے انتخاب کا واحد راستہ چیف جسٹس کا ازخود نوٹس'

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیمیں 16اکتوبر سے ابوظہبی میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

یاد رہے کہ 2014 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024