• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کوہلی کی لگاتار تیسری سنچری بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی

شائع October 27, 2018
بھارت کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں فتح کے بعد ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی
بھارت کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں فتح کے بعد ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

ویرات کوہلی کی لگاتار تیسری سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز نے بھارت کو سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں 43رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

پونے میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 55 رنز پر دونوں اوپنرز سمیت تین ویسٹ انڈین بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر شے ہوپ کا ساتھ دینے شیمرون ہٹمیئر آئے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کراتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 56رنز جوڑے۔

اس مرحلے پر کلدیپ یادو نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے 37رنز بنانے والے ہٹمیئر کے ساتھ ساتھ روومین پاول کو بھی پویلین کا راستہ دکھا دیا۔

121رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جیسن ہولڈر کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ہوپ کے ساتھ مل کر 76رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، ہولڈر نے 32رنز بنائے۔

گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے شے ہوپ پانچ رنز کی کمی سے دوبارہ یہ کارنامہ انجام نہ دے سکے اور 95رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں ایشلے نرس کے 22گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین 40 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر 283رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 اور کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت اننگز کے آغاز میں ہی روہت شرما کی اہم وکٹ سے محروم ہو گیا لیکن اس کے بعد ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون نے اسکور کو 88تک پہنچادیا، دھاون 35رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امبتی رائیڈو نے کپتان کے ساتھ مل کر 48رنز جوڑے لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد 22رنز کر پویلین لوٹے جبکہ ریشابھ پانٹ کی جارحانہ اننگز بھی 24رنز پر تمام ہوئی۔

مہندرا سنگھ دھونی کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور وہ بھی صرف 7رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

ویرات کوہلی نے عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں لگاتار تیسری سنچری اسکور کی اور یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے۔

ویرات کوہلی نے کیریئر کی 38ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے کیریئر کی 38ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

اس موقع پر میچ کے نتیجے کا تمام تر انحصار ویرات کوہلی پر تھا جنہوں نے کیریئر کی 38ویں سنچری سے اپنی ٹیم کو میچ جتانے کی بھرپور کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب انہوں نے پارٹ ٹائم اسپنر مارلن سیمیولز کے خلاف جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی اور اسی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان نے ایک چھکے اور 10چوکوں کی مدد سے 107رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور پوری بھارتی ٹیم 240رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیریز 1-1 سے برابر کردی جہاں پہلا میچ بھارت نے جیتا تھا جبکہ سیریز دوسرا میچ ٹائی ہوا تھا۔

ایشلے نرس کو 40رنز کی جارحانہ اننگز اور دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024