دوسری زلمی مدرسہ لیگ آئندہ ماہ بلوچستان میں منعقد ہو گی
پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز پشاور زلمی نے صوبہ بلوچستان میں آئندہ ماہ دوسری زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان کی نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پہلی زلمی مدرسہ لیگ کا کامیاب انعقاد خیبر پختونخوا میں ہوا تھا۔
اس لیگ کاچرچہ دنیا بھر کے میڈیا میں ہوا جہاں ناصرف مدارس کے طلبا کو پہلی مرتبہ مین اسٹریم میڈیا اور کھیلوں کے مقابلے میں سامنے آنے کا موقع ملا تھا بلکہ پاکستان کے تشخص کو بھی مثبت انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔
زلمی فاونڈیشن اور پشاور زلمی کی جانب سے زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد 4 سے 6 دسمبر تک بلوچستان میں کیا جائے گا اور ایونٹ کے تمام میچز کوئٹہ کے بولان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اپنے پیغام میں پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد انہیں حوصلہ ملا کہ وہ دیگر صوبوں میں بھی مدارس کی سطح پر لیگ کا انعقاد کریں اور انھیں امید ہے کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبا کو مین اسٹریم میں لانا ان کا بنیادی مقصد ہے اور وہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعد سندھ اور پنجاب میں بھی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔
زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد میں تعاون پر جاوید آفریدی نے حکومت بلوچستان، حکومت پاکستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں صوبے بھر سے مدارس کی دس بہترین ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔