• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

شائع December 4, 2018 اپ ڈیٹ December 7, 2018
محمد حفیظ ٹیسٹ کیریئر میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں— فائل فوٹو
محمد حفیظ ٹیسٹ کیریئر میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں— فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مستقل ناقص فارم کے سبب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

غیرقانونی باؤلنگ ایکشن اور خراب فارم کے باعث محمد حفیظ کا کیریئر خصوصاً ٹیسٹ کرکٹ میں انہیں مسائل کا سامنا رہا اور حالیہ عرصے میں وہ وقتاً فوقتاً ٹیم سے ڈراپ ہوتے رہے۔

مزید پڑھیں: ’ملک کیلئے عزت کے ساتھ کھیل کر ریٹائر ہونا چاہتا ہوں‘

ان کے باؤلنگ ایکشن پر ماضی میں تین مرتبہ پابندی لگی لیکن وہ ہر مرتبہ اپنا ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب رہے البتہ بیٹنگ میں غیرمستقل مزاجی ان کی ٹیم میں تواتر کے ساتھ سلیکشن کی راہ میں حائل ہوتی رہی اور اسی وجہ سے انہیں متعدد حلقوں خصوصاً سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی رہا۔

پروفیسر کے نام سے مشہور حفیظ کی گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی ہوئی اور انہوں نے سنچری اسکور کر کے سلیکٹرز کے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا تھا۔

لیکن اس کے بعد سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا تھا اور آخری 7 ٹیسٹ اننگز میں صرف 66رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری ٹیسٹ میچ حفیظ کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے اور میچ کی دوسری اننگز میں اچھا اسکور کر کے ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کا یادگار انداز میں اختتام کرنے کا نادر موقع ہے۔

محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچوں کی 104 اننگز میں 10سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 3ہزار 644 رنز بنائے جبکہ اس کے علاوہ 53وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن قانونی قرار

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد بھی محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن پھر ارباب اختیار اور سینئر کھلاڑیوں کے مشورے پر انہوں نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے کھیل سے کنارہ کش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

حفیظ نے ابھی صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اور وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024