حفیظ بنگلہ دیش سے ڈی پورٹ ہونے سے بال بال بچ گئے
بنگلہ دیش پریمیئرلیگ (بی پی ایل) کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش جانے والے محمد حفیظ کو ڈھاکا ایئرپورٹ پر روک لیا گیا اور وہ ڈی پورٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا آغاز 5 جنوری سے ہوگا جس میں محمد حفیظ سمیت متعدد کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ایونٹ میں راج شاہی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ بغیر ویزا کے ڈھاکا پہنچے تو انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کے لیے آنے والےکھلاڑیوں کے لیے ’آن ارائیول ویزا‘ کی پالیسی تھی لیکن بنگلہ دیش میں انتخابات کی وجہ سے کرکٹرز کو اس بار ویزا لینا لازمی تھا اور حفیظ اس نئی پالیسی سے لاعلم تھے۔
مزید پڑھیں: محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
محمدحفیظ کو گھنٹوں ائیرپورٹ پر روک کر رکھا گیا اور ایک موقع پر انہیں ڈی پورٹ کرنے کی تیاری کرلی گئی تھی البتہ بی پی ایل حکام نے حفیظ کو وطن واپسی کی خفت سے بچا لیا۔
بنگلہ دیشی حکومت کے اعلیٰ حکام کی خصوصی مداخلت پر پاکستانی آل راؤنڈر کو ویزا جاری کیا گیا اور انہیں بنگلہ دیش میں داخلے کی اجازت ملی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں آل راؤنڈر عامر یامین کومیلا وکٹورینز، محمد حفیظ اور محمد سمیع راج شاہی کنگز، شعیب ملک اور شاہد آفریدی کومیلا وکٹورینز جبکہ محمد عرفان، محمد نواز اور سہیل تنویر سلہٹ سکسرز کی نمائندگی کریں گے۔