ملتان سلطانز، کراچی کنگز ویمن ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے اسٹیڈیم پہنچ گئے
دبئی میں پاکستان ویمن اور ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والے سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مالکان، کھلاڑی اور عہدیداران اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
پاکستان ویمن ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف فیصلہ کن میچ میں 4 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیزیز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔
میچ کے دوران ملتان سلطانز کے مالک، کھلاڑی اور عہدیداران پاکستان ویمن ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے اور میچ دیکھا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے جانے والے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ملتان سلطانز پاکستان ویمن اور ونڈیز ویمن ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے میدان میں موجود ہے‘۔
اس موقع پر ملتان سلطانز نے پاکستان ویمن ٹیم کے ساتھ تصایر بھی بنوائیں، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موجود ہیں۔
ملتان سلطانز کے شریک مالک بھی ایک ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دکھائی دیے۔
پوری ٹیم اور اسٹاف کے ہمراہ اسٹیڈیم پہنچ کر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے پر ویمن ٹیم کی چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا شکریہ ادا کیا۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں علی ترین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا اور قومی ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے چیف سلیکٹر کے ٹوئٹ پر کہا کہ آپ ہمیشہ ہمیں ویمن ٹیم کے سپورٹرز میں شمار کر سکتی ہیں۔
کراچی کنگز کے کھلاڑی بھی اسٹیڈیم پہنچنے اور ویمن ٹیم کو سیریز میں فتح پر مبارکباد پیش کی اور اچھی پرفارمنس دکھانے پر انہیں داد دی۔
علاوہ ازیں کراچی کنگز کے عہدیداران اور کھلاڑیوں نے ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں سے غیر رسمی ملاقات بھی کی۔
خیال رہے کہ یہ پاکستان ویمن ٹیم کی ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی سیریز کی کامیابی ہے۔