• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بھارتی جارحیت: ترکی نے پاکستان کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا

شائع February 27, 2019
ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اولو نے کہا کہ ترکی، پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے— فوٹو: اے ایف پی
ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اولو نے کہا کہ ترکی، پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے— فوٹو: اے ایف پی

ترکی نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اولو نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویو میں اس بات چیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ترک وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ اگر ابوظہبی میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو بولنے کا موقع دیا گیا تو وہ بھی اس کی مخالفت کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے انہیں فون کیا جس میں انہوں نے موجودہ صورتحا ل پر تشویش کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ جس طرح بھی ہوا وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، جس پر پاک فضائیہ فوری طور پر حرکت میں آئی اور بھارتی طیارے واپس چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، کمرشل فلائٹس کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے بھارتی جارحیت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان مناسب وقت اور جگہ پر بھارتی مہم جوئی کا جواب دے گا۔

بھارت نے آج ایک مرتبہ پھر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر پاکستان نے ان کے دو طیارے گرانے کے ساتھ ساتھ دو پائلٹ بھی گرفتار کر لیے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان، بھارت فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے تناؤ کم کریں، امریکا

جوہری صلاحیت کے حامل دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان حالیہ عرصے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے اور عالمی برادری نے دونوں ملکوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے تناؤ کم کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Feb 27, 2019 05:27pm
V. Good........

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024