• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پاک-بھارت کشیدگی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

شائع February 28, 2019
سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں 2 مرتبہ بھارت کے لیے روانہ ہوتی تھی — فوٹو: ڈان نیوز
سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں 2 مرتبہ بھارت کے لیے روانہ ہوتی تھی — فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی ٹرین 'سمجھوتہ ایکسپریس' کی دہلی کے لیے روانگی منسوخ کردی گئی۔

اس حوالے سے پاکستان ریلویز کے حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس تا حکمِ ثانی بند کردی گئی ہے جس کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس آج صبح لاہور سے روانہ نہیں کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریلوے کے لاہور ڈویژن کے ترجمان نے کہا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس معمول کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن سے 8 بجے بھارت کے لیے روانہ ہوگی۔

بعد ازاں دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس آج معطل کردی گئی جو سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر بحال کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں 2 روز پیر اور جمعرات کی صبح لاہور سے واہگہ کے راستے بھارت میں اٹاری کے لیے روانہ ہوتی تھی۔

گزشتہ ہفتے مذکورہ ٹرین لاہور سے 45 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہوئی تھی اور آج اس نے 16 مسافروں کو لے کر دہلی روانہ ہونا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، کمرشل فلائٹس کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند

دوسری جانب سمجھوتہ ایکسپریس بھارت جانے والے مسافروں کو کراچی سے لاہور پہنچا چکی ہے جس کے بعد مسافر تاحال لاہور کے ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔

سمجھوتہ ایکسپریس کی اچانک معطلی سے بھارت جانے والے مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے خواہشمند ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کے جواب میں 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرائے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

جس کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بھی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک کی تمام پروازوں کے لیے بند کردی گئی تھی اور سول ایوی ایش اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فضائی حدود بند ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں سی اے اے کی جانب سے ایک اور اعلان سامنے آیا جس کے تحت جزوی طور پر فضائی حدود بحال ہونے کا کہا گیا تھا اور بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے 2 پروازیں بیرونِ ملک روانہ ہوئیں جس میں ایک پرواز دبئی جبکہ دوسری مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔

تاہم بعد میں سی اے اے نے فضائی حدود کی جزوی بحالی کا بیان واپس لیتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پرواز کے لیے تاحکمِ ثانی مکمل طور پر بند ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024