• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

شائع March 3, 2019
فلائٹ آپریشن 4 دن تک معطل رہنے کے باعث ہزاروں افراد کو ایئرپورٹس پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا — فائل فوٹو: اے ایف پی
فلائٹ آپریشن 4 دن تک معطل رہنے کے باعث ہزاروں افراد کو ایئرپورٹس پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن 80 گھنٹے منسوخ رہنے کے بعد اتوار کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ لاہور جانے اور آنے والی فلائٹس کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر مکمل طور پر فلائٹ آپریشن 8مارچ سے شروع کیا جا سکے گا جبکہ ملک کے دیگر انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق شروع ہو گیا۔

اس سے قبل ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی جزوی طور پر بحالی اور 4 ایئرپورٹس پر ڈومیسٹک و انٹرنیشنل فلائٹ آپریشنز بحال کرنے کی اجازت دینے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے قومی ایئرلائن کو ہدایت کی کہ وہ سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں پھنسے مسافروں کو ترجیح دیں۔

کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال کردیا گیا اور قومی ایئرلائن کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی اپنی فلائٹس کا آپریشن شروع کردیا۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، کمرشل فلائٹس کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند

فلائٹ آپریشن شروع کیے جانے کے باوجود پاک-بھارت کشیدگی کے سبب مؤخر ہونے والی فلائٹس کی وجہ سے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی بنکاک، کوالالمپور اور بیجنگ کے لیے فلائٹس اب بھی معطل ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ 4 روز تک فلائٹس معطل رہنے کے بعد اب کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور سے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن ہفتے کو بحال کردیا گیا تھا۔

پی آئی اے کے بیان کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران 4 سو سے زائد فلائٹس منسوخ ہوئیں، جس کے باعث 25 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے اور فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد اب تک 8 ہزار سے زائد مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جا چکا ہے۔

ایوی ایشن کے وزیر محمد میاں سومرو کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں پھنسے مسافروں کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں پہلے پاکستان لانے کی کوشش کی جائے کیونکہ انہیں ویزے کی معیاد ختم ہونے اور فنڈز کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلائٹ آپریشن بحال ہونے تک پاکستانی عمرہ زائرین کی میزبانی کریں گے، سعودی عرب

یہ ہدایات جاری ہونے کے بعد پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ کم سے کم وقت میں مختلف ممالک میں پھنسے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور بہت جلد صورتحال معمول پر آ جائے گی۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی اسی وقت ہو گی جب پورے ملک میں فلائٹ آپریشن شروع ہو جائے گا، پی آئی اے کی بنکاک کوالالمپور اور بیجنگ کے لیے فلائٹس بدستور معطل ہیں۔


یہ خبر 3 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024