• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، ڈی ویلیئرز کا پاکستان آنے سے انکار

شائع March 4, 2019
اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے پاکستان پر آمادگی ظاہر کی تھی— تصویر بشکریہ پی ایس ایل
اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے پاکستان پر آمادگی ظاہر کی تھی— تصویر بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچ کراچی منتقل کردیے گئے ہیں لیکن ہوم گراؤنڈ سے محروم ہونے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دوسرا دھچکا لگا ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے اپنے ہوم گراؤنڈ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے سے محروم ہو گئی اور اب انہیں کراچی میں ہونے والے میچز میں اپنے سب سے بڑے اسٹار اے بی ڈی ویلیئرز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی منتقل

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز کمر میں تکلیف کے سبب اپنے وطن واپس لوٹ جائیں گے اور کراچی میں ہونے والے میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی نہیں کریں گے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور میں شیڈول میچز کھیلنے کی ہامی بھری تھی لیکن کراچی میں میچ کھیلنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی یقین دہانی سے انکار کردیا تھا۔

ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کے لیے 7 میچز میں 54 کی شاندار اوسط سے 218 رنز اسکور کیے ہیں اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف رواں سال پی ایس ایل کا آخری میچ کھیلیں گے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ڈی ویلیئرز پاکستان واپس آکر قلندرز کی آخری دو لیگ میچوں میں نمائندگی کریں گے لیکن کمر کی انجری کے سبب ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ضرور پڑھیں: باؤلر کی وہ بڑی غلطیاں جس کے سبب ٹیمیں جیتے ہوئے مقابلے ہار گئیں

ڈی ویلیئرز نے پاکستان میں ہونے والے میچز کے لیے لیگ کا حصہ نہ بننے پر کہا کہ میں انتہائی مایوس ہوں کہ پاکستان کے پرجوش شائقین کے سامنے نہیں کھیل سکوں گا، میرے ڈاکٹرز نے مجھے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے اور بدقسمتی سے اسی وجہ سے میں کراچی میں ہونے والے میچز نہیں کھیل سکوں گا۔

انہوں نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے میچز کے لیے پاکستان آنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا حصہ بن کر پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔

لاہور قلندرز کے منیجر سمین رانا نے کہا کہ یہ لاہور قلندرز کی منیجمنٹ اور شائقین کے لیے انتہائی مایوس کن خبر ہے جو پاکستان میں ہونے والے میچز کے لیے لاہور قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل کے سبب کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں اور رواں سال لاہور پاکستان سپر لیگ کے ایک بھی میچ کی میزبانی نہیں کر سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: ٹکٹوں کی فروخت اور رقم کی واپسی کی تفصیلات جاری

لاہور کی فضائی حدود کی بندش اور فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہونے کے باعث ایونٹ کے میچز کے لاہور میں انعقاد کے حوالے سے مشکلات پیش آرہی تھیں اسی لیے بورڈ نے میچز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لیگ کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے جہاں پاکستان میں ہونے والے میچز کا آغاز 9 مارچ سے ہو گا اور 8 دنوں میں اتنے ہی میچز منعقد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024