• KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am

'بیرون ملک چھٹیاں گزارنے والی اشرافیہ پاکستان کی خوبصورتی سے ناواقف ہے'

شائع April 3, 2019
سیاحت سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا، عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز
سیاحت سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا، عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اشرافیہ اپنے سیاحتی مقامات کی تلاش کی بجائے گرمیوں کی چھٹیاں یورپ اور مغربی ملکوں میں جاکر گزارنے کو ترجیح دیتی ہے، کیونکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ پاکستان میں کتنے خوبصورت مقامات ہیں۔

اسلام آباد میں 'سیاحت کانفرنس' سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'اب تک پوری دنیا کی سیاحت کرچکا ہوں لیکن ساحلی سیاحت شاید ہی کسی ملک میں پاکستان جیسی ہو، پاکستان میں ساحلی مقامات سے لے کر پہاڑوں اور صحرائی علاقوں تک دنیا میں سیاحت کے لیے بہترین دلکش مناظر موجود ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'دہشت گردی کی وجہ سے شمالی علاقہ جات میں سیاحت ختم ہو گئی تھی لیکن اب ان علاقوں میں واقع ہوٹلوں میں رُکنے کی جگہ بھی نہیں ملتی، جبکہ وہاں سیاحت کے لیے آنے والے بیشتر افراد کا تعلق امریکا اور یورپ سے ہوتا ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'بلوچستان کی ساحلی پٹی ابھی تک سیاحوں کی منتظر ہے لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ اشرافیہ اپنے سیاحتی مقامات کی تلاش کی بجائے گرمیوں کی چھٹیاں یورپ اور مغربی ملکوں میں جاکر گزارنے کو ترجیح دیتی ہے، کیونکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ پاکستان میں کتنے خوبصورت مقامات ہیں۔'

عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں کوہ سلیمان، قراقرم اور ہمالیہ کی چوٹیوں سے متنوع خوبصورتی سے نوازا ہے، ان تینوں پہاڑی سلسلوں میں بہت زیادہ سبزے، جنگلی جانوروں اور پرندوں کی بہتات ہے جس کی دنیا کے کسی حصے میں مثال نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: سال کے 12 ماہ، پاکستان میں سیاحت کیلئے کب،کہاں جاسکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے علاقے کی سیاحت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نتھیا گلی جیسے کئی خوبصورت مقامات ہیں لیکن ان علاقوں کو ترقی دینے جبکہ پاکستانی سیاحوں کو ملک کے خوبصورت مقامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔'

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بےپناہ مواقع ہیں خصوصاً سکھ، بدھ مت اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کی ان کے مذہبی مقامات کی یاترا سے ملک میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ حکومتوں کی پالیسی تھی کہ کوئی باہر سے پاکستان نہ آئے، ہم نے پاکستان کو سیاحوں کے لیے کھول دیا ہے اور ویزا پالیسی آسان کی، سیاحت سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 اکتوبر 2024
کارٹون : 22 اکتوبر 2024